لاہور، اسلام آباد، کراچی ، واشنگٹن (جنرل رپورٹر، سپیشل رپورٹر ،سٹاف رپورٹر ،92نیوزرپورٹ ، مانیٹرنگ ڈیسک ،نیوز ایجنسیاں)ملک بھر میں کورونا کے 2665نئے کیس سامنے آگئے جبکہ مزید 59 مریض جاں بحق ہو گئے جن میں سے 54 افراد ہسپتالوں اور 5 مریض گھروں میں قرنطینہ کے دوران جاں بحق ہوئے ۔ ملک بھر میں کورونا کی دوسری لہر کے دوران ایک روز میں ہونے والی یہ ریکارڈ ہلاکتیں ہیں۔نیشنل کمانڈ اینڈآپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 38983 ٹیسٹ کیے گئے ۔ابتک 51 لاکھ 80 ہزار 26 ٹیسٹ کیے جا چکے ۔ ملک بھر میں مصدقہ کیس 374173 جبکہ فعال کیس 36683 ہوگئے ،1653 مریضوں کی حالت تشویشنا ک،256 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔پنجاب میں کورونا کے مزید 22مریض چل بسے جبکہ553نئے کیس رپورٹ ہوئے ۔ ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق لاہور229،راولپنڈی70،ملتان 47، سرگودھا34،بہاولپور31، فیصل آباد 28، لیہ13، میانوالی 9، ڈیرہ غازیخان،بہاولنگر،جہلم 8،8،خانیوال،رحیمیار خان 7،7،ساہیوال ، گوجرانوالہ،گجرات،خوشاب 5،5، اوکاڑہ،بھکر،ٹوبہ 4،4،سیالکوٹ،لودھراں، مظفرگڑھ،جھنگ 3،3، چنیوٹ ، راجن پور، وہاڑی2،2، منڈی بہاؤالدین ، نارووال ، چکوال ، ننکانہ 1،1 کیس رپورٹ ہوا۔پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ بھی کوروناکاشکار ہوگئے ۔وزیراعلی سندھ کے مطابق سندھ میں مزید13مریض انتقال کرگئے جبکہ 1102 نئے کیس رپورٹ ہوئے ۔کراچی کے جنوبی، شرقی، کورنگی اور وسطی اضلاع میں مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن کے پہلے روز متعدد علاقے کھلے رہے اور انتظامیہ عملدرآمد کرانے میں ناکام نظر آئی۔ادھر دنیا بھر میں کورونا متاثرین5.88 کروڑ جبکہ اموات13.91لاکھ ہو گئیں۔ مدھیہ پردیش میں 31 دسمبر تک سکول بند رہیں گے ۔ہانگ کانگ مسافروں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر ایئر انڈیا کی پروازوں پر پابندی لگادی۔ امریکی وزارت دفاع نے پینٹاگون میں کورونا کا پھیلائوروکنے کیلئے نئی پابندیاں نافذ کردیں۔پینٹاگون میں ملازمین کی زیادہ سے زیادہ تعداد80 فیصد سے گھٹا کر60 فیصد کردی گئی ۔امریکہ نے کورونا مریضوں کو ویکسین دینے کی حتمی تاریخ کا اعلان کردیا ہے ۔فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کے سربراہ نے کہا کورونا مریضوں کو ویکسین دینے کا آغاز 11 دسمبر سے کیا جائے گا۔ چین کی دواساز کمپنی سینو فارم نے اپنی تیارکردہ ویکسین کا 10 لاکھ افراد پر کامیاب تجربے کا دعویٰ کیا ہے ۔چینی صدر شی جن پنگ نے کہا چین عالمی سطح پر کورونا ویکسین کی تیاری وتقسیم کے ضمن میں تعاون بڑھانے کو تیار ہے ۔عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا اگر حکومتوں نے دوسری لہر سے نمٹنے میں مناسب اقدامات نہ کیے تو آئندہ برس کے اوائل میں تیسری لہر کا خطرہ بھی موجود ہے ۔