اسلا م آباد ،لاہور ،کراچی، پشاور ،واشنگٹن (رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان، نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وبا کی تیسری لہر نے پاکستان میں مزید 58 افرادکی جان لے لی جبکہ اموات کی مجموعی تعداد 15501ہو گئی ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 10.29 فیصد رہی، کوروناکے 4584نئے مریض رپورٹ ہوئے اور کل تعداد725602ہوگئی جبکہ فعال کیسز کی تعداد75266ہو گئی،4201مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ کل634835صحتیاب ہو چکے ۔ ملک بھر میں اس وقت کورونا کے 512 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔ علاوہ ازیں گوجرانوالہ کے 85 فیصد، پشاور کے 73، گجرات کے 71 اور سوات کے 66 فیصد آکسیجن بیڈز پر کورونا مریض ہیں۔علاوہ ازیں این سی او سی نے کورونا صورتحال پر پہلے سے جاری اقدامات کو دو سے تین روز مزید مانیٹر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ مانیٹرنگ کے نتائج کی روشنی میں دوبارہ اجلاس بلا کر فیصلے کئے جائینگے ۔ وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی اجلاس میں کورونا کی صورتحال پر مشاورت کی گئی۔ 15فیصد سے زائد مثبت کیسز والے ہائی رسک شہروں میں مکمل لاک ڈائون کی تجویز منظور نہ ہوسکی۔ این سی او سی نے صوبوں کو کورونا ایس او پیز پر مزید سختی کرنے کی ہدایات جاری کر دیں۔وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ پولیس کے ذریعے ایس او پیز کے نفاذ کو یقینی بنایا جائیگا، جس مارکیٹ میں ایس او پیز پر عمل نہیں ہوگا اسے بند کر دیا جائیگا۔ ہسپتالوں کی صلاحیت اور گنجائش کو بھی مزید بڑھا رہے ہیں۔ پنجاب کو گزشتہ روز 100وینٹی لیٹر مل گئے ہیں، 50لاہور کے ہسپتالوں کو جبکہ باقی دیگر اضلاع میں تقسیم کر دیئے گئے ۔ مزید وینٹی لیٹرز بھی پنجاب کو موصول ہونگے ، وینٹی لیٹرز بیڈز کی تعداد بھی بڑھائی جائیگی، رمضان المبارک میں کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل کرایا جائیگا، 60سال سے زائد کے بزرگ رمضان میں مساجد میں نہیں جائینگے ۔ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں کورونا کے 2021نئے کیس سامنے آگئے اورمزید16مریضوں کی جان چلی گئی جبکہ اموات کی کل تعداد6988ہوگئی ۔لاہورمیں 1206، ننکانہ 5، قصور 21، شیخوپورہ 20، راولپنڈی 134، گوجرانوالہ34،ملتان 65اورفیصل آباد میں160 کیس سامنے آئے ۔محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن اور محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئرکی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق پنجاب کے 200سرکاری ہسپتالوں میں ابتک کوروناکے 174630 مریض صحتیاب ہو کر گھر وں کو واپس جا چکے ہیں۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 461 کورونا مریض صحتیاب ہو کر گھر وں کو گئے ۔پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں کورونا متاثرین کیلئے 6302بیڈ مختص ہیں جن میں سے 3962 خالی ہیں۔ لاہور بھر کے 33 سرکاری ہسپتالوں میں کورونا متاثرین کیلئے 1547 بیڈمختص ہیں جن میں سے 715 خالی ہیں۔ لاہور کے سرکاری ہسپتالوں میں کورونامریضوں کیلئے 250 وینٹی لیٹرز میں سے 47 خالی ہیں۔علاوہ ازیں پنجاب میں کورونا کی صورتحال آئے روز بگڑنے لگی ، ٹیچنگ ہسپتالوں کے آئی سی یو میں وینٹی لیٹرز 62 فیصد انتہائی تشویشناک مریضوں سے بھر گئے ۔ لاہور میں82 فیصد وینٹی لیٹرز پر اس وقت کورونا مریض زیر علاج ہیں، میو ہسپتال 91 فیصد،کوٹ خواجہ سعیدہسپتال اور جناح ہسپتال100 فیصد، سر گنگارام ہسپتال کے 65 فیصد وینٹی لیٹرز بھر گئے ۔ جنرل ہسپتال کے 77 فیصد، سروسز ہسپتال کے 94 فیصد ، نوا ز شریف ہسپتال یکی گیٹ کے 90 فیصد، پی کے ایل آئی کے 87 فیصد وینٹی لیٹرز بھر گئے ۔کورونا سے پی سی بی کے 2ملازم حافظ محمدبلال اورفلک شیر بھی انتقال کرگئے ۔ قومی ایتھلیٹ سید ظفر عباس زیدی کورونا کے باعث جان کی بازی ہار گئے ۔1980ء کی دہائی میں پاکستان ریلویز کی نمائندگی کرنیوالے قومی ایتھلیٹ ظفر زیدی کا تعلق ملتان سے تھا ۔وہ مقامی صحافی ناصر زیدی کے بڑے بھائی تھے اور اب روز گار کے سلسلہ میں فیصل آباد میں مقیم تھے ۔ کمشنر لاہور کیپٹن (ر) عثمان کے احکامات پر کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر 11 اپریل تک سیل کئے گئے مقامات کودوبارہ کھول دیا کیا۔ترجمان کے مطابق کمشنر لاہور نے تمام کاروباری حضرات سے اپیل کی ہے کہ وہ حکومتی ہدایات پر عملدرآمد کریں،اس وقت کورونا کیتیسری شدید لہر ہے اورغفلت کی کوئی گنجائش نہیں۔ کورونا ایس او پیز کو نظر انداز کرنے پر آئندہ مزید سخت کارروائی ہو گی۔ ادھر نشتر ہسپتال ملتان میں کورونا میں مبتلا مزید5مریض جاں بحق ہوگئے ۔تحریک انصاف کی رکن صوبائی اسمبلی سبین گل بھی کورونا میں مبتلا ہو گئیں اورخود کوگھر پر قرنطینہ کرلیا۔رحیم یارخان میں مزید3مسیحاڈاکٹرہارون عزیز،ڈاکٹر خیر محمد اور ڈاکٹر تحسین فاطمہ بھی کورونا میں مبتلا ہوگئے ۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بیان میں کہا کہ کوروناسے صوبہ میں مزیدکوئی مریض جاں بحق نہیں ہوا جبکہ348نئے کیسز میں سے 147کا تعلق کراچی سے ہے ۔ادھر پشاور کے ایس ایس پی آپریشنز یاسر آفریدی بھی کورونا میں مبتلا ہوگئے جبکہ ڈی پی او خیبر وسیم ریاض صحتیاب ہوگئے ۔ دنیا بھرمیں ہلاکتیں29لاکھ55ہزارسے زائد ہو گئیں۔بھارت میں کورونا کی صورتحال بگڑنے لگی، مزید880اموات اور160694نئے کیس رپورٹ۔ ادھر انگلینڈ اور ویلز میں لاک ڈائون کی پابندیوں میں نرمی کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہوگیا۔ دکانیں، جم، ہیرڈریسر اور بیوٹی سلون کھل گئے ۔ریسٹورنٹس باہر بیٹھنے والوں کو بھی کھانا فراہم کرنے لگے ۔ شادی کی تقریبات میں بھی15افراد شریک ہوسکیں گے ۔