لاہور،اسلام آباد، ملتان، ٹورنٹو، نیویارک،بیجنگ (نیوز رپورٹر، جنرل رپورٹر، سپیشل رپورٹر، خصوصی نیوزرپورٹر،خبرنگار خصوصی)چین کے صوبہ ھوبی کے ووہان شہر میں ظاہر ہونے والے کرونا وائرس کو عالمی وبا قراردیدیا گیا۔وائرس سے اب تک ہلاکتوں کی تعداد 56ہوگئی جبکہ دنیا بھر میں مریضوں کی تعداد2ہزارسے زائد ہوگئی۔وائرس پھیلتے ہوئے بیجنگ، شنگھائی، امریکا ، تھائی لینڈ ،جنوبی کوریا ، جاپان ،آسٹریلیا ، فرانس اور کینیڈا تک پہنچ گیا ہے ۔ چین کے کئی شہر اس کی لپیٹ میں ہیں۔ادھرکینیڈا کی حکومت نے ایک بیان میں کہا کہ ٹورنٹو میں صحت عامہ کے حکام کو کورونا وائرس کے پہلے تصدیق شدہ کیس کی اطلاع ملی ہے ۔ کورونا وائرس کی وجہ سے چین کیلئے کئی عالمی پروازیں معطل ہیں ۔ادھر امریکہ نے پُراسرار وائرس کی ہلاکتوں میں اضافے کے بعد سب سے متاثرہ شہر ووہان کے قونصل خانے کے عملے اور اپنے شہریوں کو واپس بلانے کے انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔جس کیلئے ایک خصوصی پرواز 28 جنوری کو ووہان سے سان فرانسسکو کیلئے روانہ ہوگی۔فرانس بھی اپنے شہریوں کو ووہان سے محفوظ شہر منتقل کرنے کی خواہش رکھتا ہے ، آسٹریلیا نے بھی اپنے شہریوں کی حفاظت کے لیے چین سے رجوع کرلیا ۔ بھارت بھی ’ٹرویل ایڈوائزری‘ جاری کرچکا ، پاکستان نے 4 ہوائی اڈوں پر سکریننگ شروع کردی اور ایف آئی اے امیگریشن لاہور نے واہگہ بارڈر سے براستہ بھارت چین سے آنے 71باشندوں کو کرونا وائرس کی سکریننگ کی گئی اس کے بعد انہیں پاکستان آنے کی اجازت دی گئی ۔علاوہ ازیں لاہور میں کرونا وائرس کے مشتبہ کیس میں سے ایک کوڈینگی آئسولیشن وارڈ میں شفٹ کر دیا گیا ۔ مریض کے دو چینی ساتھیوں کو ڈاکٹروں نے چیک اپ کے بعد کلیئر قرار دیا ہے تاہم ان کو سروسز ہسپتال میں الگ کمرے میں رکھا گیا ہے اب صرف ایک مریض کرونا وائرس کے شبے میں زیر علاج ہے ۔دریں اثنا نشترہسپتال ملتان میں زیرعلاج چینی شخص اور ملتان کے رہائشی چائنہ پلٹ نوجوان کا علاج جاری ہے ۔ادھر دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہا ہے کہ ووہان اور چین کے دیگر علاقوں میں موجود 500 طلباء اور دیگرپاکستانی کمیونٹی کے اراکین محفوظ ہیں اور کمیونٹی کے کسی رکن کے کرونا وائرس سے متاثر ہونیکی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔علاوہ ازیں کرونا وائرس کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لینے کے لئے ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی ٹیم پاکستان پہنچی اوراقدامات کا جائزہ لیا۔ڈاکٹر مائیک کی سربراہی میں ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی 7رکنی ٹیم نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ۔بعدازاں ہانگ کانگ یونیورسٹی میں شعبہ پبلک ہیلتھ کے صدر گیبرئیل لیونگ نے اس وائرس سے بچنے کی احتیاطی تدابیر بتادیں ۔انہوں نے کہاکہ اپنے ہاتھ بار بار دھوئیں اور اپنے ناک یا چہرے کو مت رگڑیں،احتیاط کریں اور باہر جاتے ہوئے ماسک پہن کر رکھیں،پرہجوم جگہوں پر جانے سے اجتناب کریں۔دوسری طرف انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب شعیب دستگیر نے سی پیک پراجیکٹس پر کام کرنے والے چینی ماہرین، سرمایہ کاروں اور شہریوں سمیت سپیشل پروٹیکشن یونٹ کے افسران و اہلکاروں میں کرونا وائرس کی روک تھام کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کردی ہیں۔