لاہور(خصوصی نمائندہ) گور نر پنجاب چودھری محمدسرور نے اپوزیشن کو سیاست کیلئے وقت کے انتظار کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کوروناپر اپوزیشن مشورہ ضرور دے مگر سیاست نہ کریں۔ اپوزیشن اگر سمجھتی ہے کہ کورونا سے ہونیوالا نقصان صرف حکومت کیلئے ہوگا تویہ درست نہیں ،اگر خدانخواستہ کورونا بڑ ھے گا تو سب کا نقصان ہی نقصان ہوگا، کورونا کو شکست دیں گے تو حکومت و اپوزیشن سمیت 22کروڑ پاکستانیوں کی جیت ہوگی،جب کورونا بحران سے نکل آئیں گے توپھر سب سیاست کر یں۔گور نر ہاؤس میں بزنس مین چوہدری ظفر محمود،شبیر حسین اورقاضی خالد کی جانب سے غر یب افراد کیلئے 50ہزار صابن عطیہ کیے جانے کے موقع پر میڈیا سے گفتگومیں انہوں نے کہاجب تک عوام گھروں سے نکلتے رہیں گے کورونا مزید پھلتا رہے گا۔ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائیگا کسی کو معاف نہیں کر یں گے ۔ کورونا کے خلاف جنگ صرف حکومت کی نہیں سب کی جنگ ہے ، عوام نے کورونا کو سنجیدہ نہ لیا تواس کو روکنا ممکن نہیں رہیگا کیونکہ جب کوئی بھی شخص گھرسے باہر نکلتا ہے تو اسکے خود یا دوسروں کو کورونا کا شکار کر نے کا خطرہ موجود ہے اس لیے حکومت نے عوام کو کورونا سے بچانے کیلئے بہت مشکل فیصلے بھی کیے ہیں۔ چین کی مثال ہمارے سامنے ہیں جنہوں نے صرف حفاظتی تدابیر پر عمل کر کے کورونا کے خلاف کامیابی حاصل کی۔