اسلام آباد(سپیشل رپورٹر،92نیوز رپورٹ ) وزیرِ اعظم عمران خان نے کہاہے کہ ملک میں زرعی شعبے کا فروغ خصوصاً چھوٹے کسانوں کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے ،حکومت اس بات پر بھی خصوصی توجہ دے رہی ہے کہ زرعی اور صنعتی شعبے کی ترقی کو مساوی طور پر یقینی بنایا جائے اور عام آدمی کو ریلیف فراہم کیا جائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعظم آفس میں گنے کی قیمت کی سرکاری قیمت مقرر کرنے کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں اسد عمر، مخدوم خسرو بختیار، وزیرِ اعلیٰ عثمان بزدار، عبدالرزاق داؤد، فردوس عاشق اعوان متعلقہ محکموں کے وفاقی و صوبائی سیکرٹری صاحبان، چیئرپرسن مسابقتی کمیشن و دیگر افسران شریک تھے ۔ اجلاس میں گنے کی سرکاری قیمت کے تعین کے حوالے سے مختلف محرکات کا جائزہ اور صوبوں کو اس حوالے سے عملی اقدامات کرنے کی ہدایت کی ۔وزیرِ اعظم کو گندم کی قیمت مقرر کرنے کے حوالے سے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلے سے بھی آگاہ کیا گیا ۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ گنے کی قیمت مقرر کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ گنے کی مقرر کردہ سرکاری قیمت سے جہاں کسانوں کی حوصلہ افزائی ہو وہاں وہ تمام اقدامات کیے جائیں کہ چینی کی قیمت میں استحکام کو بھی یقینی بنایا جاسکے ۔وزیرِ اعظم نے مسابقتی کمیشن کو ہدایت کی کہ موجودہ قوانین کا جائزہ لیکر ان میں ضروری ترامیم لائی جائیں ۔وزیراعظم نے کہاہے کہ موجودہ حکومت پاکستان میں خوراک کی کمی کے مسئلہ سے نمٹنے کیلئے پرعزم ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے زچہ و بچہ کی خوراک کے بارے میں ورلڈ فوڈ پروگرام کی خصوصی مشیر اور اردن کی شہزادی سارہ زید سے ملاقات میں کیا جنہوں نے وفد کے ہمراہ وزیر اعظم ے ملاقات کی۔ وزیراعظم سے وزیراعلیٰ پنجاب نے ملاقات کی، ملاقات میں صوبہ پنجاب کی سیاسی اور انتظامی صورتحال پر بات چیت کی گئی،وزیراعلیٰ نے پنجاب میں نئی انتظامی تبدیلیوں پر وزیراعظم کو بریفنگ دی،ملاقات میں وزیراعظم نے وزیراعلی ٰ کو عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔