شکارپور،نوڈیرو (نامہ نگاران) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آج گڑھی خدابخش میں عوامی سمندرسے کٹھ پتلی حکومت کے خلاف تحریک کاآغاز کریں گے ،وفاق غیرآئینی طریقے سے کراچی پرقبضہ کرناچاہتاہے ،لیکن انکو سندھ کے عوام کا ردعمل اچھی طرح معلوم ہوگیاہے ،پی پی پی کے اندرکوئی فارورڈ بلاک نہیں بن رہا، یہ مخالفین کااٹھایا ہوا شوشہ ہے ،ہمارے سارے ساتھی ساتھ ہیں۔ان خیالات کااظہارانہوں نے ہفتے کوکماریا ہاؤس ترائی مدیجی میں پی پی پی رہنما ذوالفقارخان کماریوسے ان کی بیٹی کے انتقال پرتعزیت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔بلاول بھٹوزرداری نے کہاکہ سندھ نے شہید ذوالفقارعلی بھٹو اورشہید بینظیربھٹو کے دورمیں اتنی سیٹیں نہیں جتوائی تھیں جتنا2018کے الیکشن میں مجھے مینڈیٹ ملاہے ،ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کو مٹانے والے خود مٹ جاتے ہیں، پارٹی میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں بن رہا،پیپلزپارٹی ایک فیملی ہے اورہم سب ایک دوسرے کے دکھ درد میں شریک ہوتے ہیں،جب سے یہ حکومت آئی ہے کسی نہ کسی طریقے سے ایسے حربے کررہی ہے ، یہ لوگ کبھی 18 ویں ترمیم پرحملے ،کبھی سندھ حکومت ختم کرنے کی باتیں توکبھی سندھ میں گورنرراج کی باتیں کررہے ہیں اوراب کراچی پرقبضے کی بات کررہے ہیں،جس کو ہم نے مکمل طورپہ مسترد کردیا ہے ۔یہ قدم غیرقانونی اورغیرآئینی ہے ۔ بلاول نے کہاکہ اگر یہ اسی طرح اپنے عوام پرظلم کرتے رہیں گے تواس کانقصان وفاق کو ہو گا۔دریں اثنا پی پی چیئرمین آج جلسہ عام سے خطاب کرنے کیلئے اسلام آباد سے گڑھی خدابخش پہنچ گئے ۔انہوں نے اپنے نانا ذوالفقارعلی بھٹو،ماں بے نظیربھٹو،نانی بیگم نصرت بھٹو، ماموں میرمرتضیٰ بھٹو اوردیگرکے مزاروں پرحاضری دی،پھولوں کی چادریں چڑھائیں اورفاتحہ خوانی کی۔انہوں نے مزارکی پہلی منزل پرکام کا بھی جائزہ لیا۔پی پی چیئرمین کی آمد پرسیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ،مزارخالی کرالیا گیا،اسکے ساتھ مزارکے خارجی اورداخلی راستوں پربھی پولیس اہلکاروں کوتعینات کیا گیاتھا۔بعدازاں چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نوڈیرو ہاؤس پہنچے اورلاڑکانہ پی ایس 11 میں ضمنی الیکشن کے سلسلے میں ملاقاتیں کیں۔