منڈی بہاؤالدین، (ڈسٹرکٹ رپورٹر) ڈپٹی کمشنر منڈی بہاؤالدین مہتاب وسیم نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی طرف سے ہیپاٹائٹس کے علاج کی ادویات مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔ یہ بات تشویشناک ہے کہ صوبے میں ہر نواں شخص ہیپاٹائٹس کا شکار ہے ۔اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال اور تحصیل ہیڈ کوارٹرز میں اسپیشل کلینک کام کررہے ہیں جس سے ضلع بھر کے مریض مستفید ہورہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی سی آفس میں ہیپاٹائٹس ڈے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس کوتفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد علی مفتی نے بتایا کہ ہیپاٹائٹس ڈے کو منانے کا مقصد عوام الناس کو اس خطرناک مرض کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنا ہے ۔ہیپاٹائٹس سے متاثرہ 95%افراد جانتے ہی نہیں کہ وہ ہیپاٹائٹس بی یا سی سے متاثر ہیں اور یہ قابل علاج مرض ہے جس سے متاثرہ 90سے 95%افراد تین سے چھ ماہ کے علاج کے بعد صحت یاب ہوجاتے ہیں۔