اسلام آباد،راولپنڈی (خبر نگار خصوصی،وقائع نگار ،مانیٹرنگ ڈیسک ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ترک بری فوج کے کمانڈر جنرل امیت دندار نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی اور پیشہ و رانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،ملاقات میں دفاعی اور سکیورٹی تعاون پر بات چیت کی گئی ،دوطرفہ سطح پر فوجی روابط کو مزید مستحکم کرنے ،دونوں ممالک کے مابین تربیتی ، انسداد دہشتگردی امور میں تعاون میں وسعت پر بھی اتفاق کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں برادر ممالک کے مابین دفاع، سکیورٹی تعاون پر خصوصی توجہ مرکوز رہی۔آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان ترکی سے تاریخی ، ثقافتی تعلقات کو کلیدی اہمیت دیتا ہے ،پاکستان اور ترکی ثقافتی اورمذہبی رشتوں میں بندھے ہیں۔جنرل امیت نے علاقائی امن واستحکام کیلئے پاکستان کے کردار کو سراہا انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خاتمے میں قابل قدر کردار ادا کیا۔جنرل امیت کی آمد پر ملٹری کے چاق وچوبند دستے نے سلامی پیش کی جبکہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان اور ترکی کے درمیان دفاعی تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کرنے پر جنرل امیت دندار کو نشان امتیاز عطا کیا ہے ۔اس حوالے سے خصوصی تقریب ایوان صدر میں ہوئی ،تقریب میں اعلیٰ فوجی و سول حکام نے شرکت کی ،انہوں نے دونوں دوست ممالک پاکستان اور ترکی کی مسلح افواج کے درمیان دفاعی تعاون کو مضبوط بنانے اور فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا۔