ممبئی (نیٹ نیوز) ابھرتی ہوئی نوجوان بھارتی اداکارہ و ماڈل 25 سالہ ملہار راٹھوڑ نے انکشاف کیا ہے کہ فلمی کیریئر کے آغاز میں ایک عمر رسیدہ فلم ڈائریکٹر نے ان سے انتہائی نامناسب مطالبہ کیا تھا، ملہار راٹھوڑ اگرچہ ابھی تک بھارت کی بڑی اداکاراؤں میں شمار نہیں ہوتیں تاہم اب وہ شوبز و ماڈلنگ انڈسٹری کا جانا پہنچانا نام ہیں۔ ملہار راٹھوڑ اب تک چند ٹی وی ڈراموں اور شوز میں اداکاری کے جوہر دکھانے سمیت ماڈلنگ میں بھی اپنا مقام بنا چکی ہیں۔ملہار نے خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ سے بات کرتے ہوئے اپنے فلمی کیریئر کے ابتدائی دنوں کو یاد کیا اور ایک دل خراش واقعہ بتایا۔ انہوں نے بتایا کہ آغاز میں ایک 65 سالہ فلم ساز نے انہیں فلم میں کام کے بدلے ’برہنہ‘ ہونے کا کہا اور مطالبہ کیا کہ میں ان کے سامنے اپنا لباس اتار دوں۔ ملہار راٹھوڑ کا کہنا تھا کہ چوں کہ وہ شوبز انڈسٹری میں بالکل نئی تھیں اور انہیں فلم ساز کے مطالبے پر کچھ سمجھ نہیں آیا کہ کیا کریں،وہ خود کو خوش قسمت سمجھتی ہیں کہ انہوں نے فلمی کیریئر ایک ایسے دور میں شروع کیا جب دنیا بھر میں ’می ٹو مہم‘ شروع ہوئی۔ ملہار نے اعتراف کیا کہ ’می ٹو مہم‘ کی وجہ سے انہیں فائدہ بھی پہنچا کیوں کہ مذکورہ مہم کے تحت خواتین اپنے ساتھ ہونے والے نامناسب واقعات کو سامنے لا رہی ہیں اور ان کی بات سنی بھی جا رہی ہے ۔