کراچی(این این آئی) اداکار احد رضامیرنے کہا ہے کہ انہوں نے پاکستان کا رخ اسلیے کیا کہ کیونکہ کینیڈا میں انہیں اس طرح کا کام نہیں مل رہا تھا جیسا کام وہ کرنا چاہتے تھے بلکہ انہیں رنگت کی وجہ سے دہشتگرد کے کردار دئیے جارہے تھے ۔ سینئر اداکار آصف رضا میر کے صاحبزادے احد رضامیر بھی پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار ہیں۔ جو ڈراما سیریل ’’یہ دل میرا‘‘، ’’یقین کا سفر‘‘، ’’عہد وفا‘‘ اورفلم’’پرواز ہے جنوں‘‘ میں بہترین اداکاری کرکے خود کو منواچکے ہیں۔احد رضا میر پاکستان شوبز انڈسٹری میں کام کرنے سے قبل کینیڈا میں بطور تھیٹر آرٹسٹ کام کرچکے ہیں تاہم انہوں نے پاکستان آکر مقامی شوبز انڈسٹری میں کام کرنے کا فیصلہ کیا۔حال ہی میں دئیے گئے انٹرویو میں احد رضا میر نے کہا کہ مجھے کینیڈا میں تھیٹر میں کام کے دوران مخصوص کردار ملتے تھے جو ایسے ہوتے تھے جیسے کہ آپ کو دہشتگرد کا کردار ادا کرنا ہے ، آپ کو ایک مثالی ہندوستانی کا کردار دیا جاتا تھا ،جس پر میں کہتاتھا یار یہ وہ کام تو نہیں ہے جس کے لیے میں آیا ہوں۔ کچھ لوگ تنقید کرتے ہیں کہ میرے والد کی وجہ سے مجھے کام ملتا ہے جو کہ درست نہیں ،محنت سے اپنا نام بنایا ہے ۔