اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) افغان صدر کے چیف ایڈوائزر برائے نیشنل سکیورٹی کونسل سرور احمدزئی نے وزیر سیفران و انسداد منشیات شہریار خان آفریدی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا دورہ امریکہ افغان امن عمل کی کامیابی کیلئے بہت اہم ہے اور افغان عوام اس دورے کی کامیابی کے متمنی ہیں۔ حالیہ کرکٹ ورلڈ کپ میچ کے بعد ہونیوالے واقعات انفرادی عمل ہے اس کو پوری قوم کا عمل قرار دینا مناسب نہیں۔ شہریار آفریدی نے کہا کہ سرور احمدزئی کا دورہ پاک افغان تعلقات میں ایک نئے دور کا آغاز ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان نے یہ طے کیا ہے کہ افغان مہاجرین کی باعزت اور احترام کے ساتھ وطن واپسی یقینی بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جا ئینگے ۔سرور احمد زئی اور انکی ٹیم نے سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کیا تاہم صحت کی سہولتوں میں بہتری کیلئے آج یو این ایچ سی آر کی ٹیم سے مذاکرات کئے ہیں اور اس میں بہتری لائی جائیگی۔ پاکستان میں عام پاکستانیوں کے ساتھ ہسپتالوں، سکولوں اور دیگر اداروں میں افغان مہاجرین کو جو سہولتیں دی جارہی ہیں ان پر شکریہ اداکیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ افغانستان اور بھارت کے درمیان فضائی راستہ کھولنے کیلئے خصوصی درخواست کی جس پر فوری عملدرآمد ہواجس پر افغان حکومت پاکستان کی شکرگزار ہے ۔