اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) وزیراعظم عمران خان کو کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کی تازہ ترین رپورٹ پیش کردی گئی جس کیلئے رجسٹریشن کرانیوالے نوجوانوں کی تعداد 7 لاکھ 39 ہزار سے تجاوز کر گئی۔تفصیل کے مطابق گزشتہ روزوزیراعظم سے انکے معاون خصوصی برائے امورنوجواناں عثمان ڈار نے وزیراعظم آفس میں ملاقات کی۔اس موقع پر کورونا ریلیف ٹائیگر فورس سے متعلق رپورٹ پیش کرتے ہوئے عثمان ڈار نے وزیر اعظم کو مزیدبتایا کہ فورس میں رجسٹرڈ نوجوانوں میں سب سے زیادہ تعداد طلبہ اور سوشل ورکرز کی ہے ۔ انجینئرز، اساتذہ،وکلا اور کارپوریٹ سیکٹر سے وابستہ افراد بھی فورس میں شامل ہیں۔ وکلا، صحافی اور ریٹائرڈ آرمڈ فورسز سے وابستہ افراد،ڈاکڑز، سیاسی ورکرز اور این جی اوز کے نوجوان کارکن بھی بڑی تعداد میں شامل ہوئے ۔ پنجاب سے رجسٹرڈ نوجوانوں کی تعداد 4 لاکھ 94 ہزار سے زائد ہے ،سندھ سے 1 لاکھ 11 ہزار،خیبر پختونخوا سے 1 لاکھ 2 ہزار نوجوان رجسٹر ہوئے ۔اسلام آباد سے 10 ہزار، بلوچستان سے 9 ہزار ،آزاد کشمیر سے 8 ہزار نوجوان فورس کا حصہ بن گئے ۔ جس پر وزیراعظم نے رپورٹ پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کا جذبہ قابل تعریف ہے ۔ یقین تھا نوجوان مشکل وقت میں قومی جذبے کا بھرپور مظاہرہ کرینگے ۔نوجوانوں کو صوبائی اور ضلعی سطح پر جلد متحرک کیا جائے ۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ٹائیگر فورس کے اعدو و شمار سے مسلسل آگاہ رکھا جائے ۔اس موقع پر کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کے آپریشنل معاملات پر مشاورت کی گئی جبکہ ٹائیگر فورس کی لائیو اپ ڈیٹ کو پبلک کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔وزیراعظم کی ہدایت پر ٹائیگر فورس کا پورٹل کووڈ 19 کی سرکاری ویب سائٹ سے لنک کر دیا گیا۔ٹائیگر فورس کی لائیو اپ ڈیٹ http://crt۔covid۔gov۔pk پر دیکھی جا سکتی ہیں۔