لاہور(سٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ( ن) لاہور کے صدر پرویز ملک، جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر اور ایڈیشنل سیکرٹری عامر خان نے کہا ہے کہ آٹے گندم کا بحران مزید سخت،حکمرانوں نے تین سال کا گندم کا سٹاک بیچ کر قوم کو فاقوں پر مجبور کردیا ہے مسلم لیگ ن کا آرمی ایکٹ بل کی حمایت کے معاملے پر موقف بڑا واضح ہے کہ ہم پاک فوج کو کسی صورت متنازع نہیں بنانا چاہتے ۔کیونکہ فوج متنازع ہو جائے تو ملک کا مستقبل مخدوش ہو جاتا ہے ۔سیاست کے ہر میدان میں پی ٹی آئی سمیت ہر جماعت کو بتائیں گے کہ نواز شریف کا نعرہ "ووٹ کو عزت دو" اب بھی قائم و دائم ہے ،متکبر وزیراعظم کا غرور خاک میں ملنے والا ہے ۔ غیر سنجیدہ افراد کا بدمست ٹولہ ملک پر قابض ہے ،مہنگائی نے گذشتہ ادوار کے تمام ریکارڈ توڑدیئے ہیں ۔گذشتہ روز ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ، بجلی ، گیس، ادویات، کھانے پینے کی اشیامیں کئی گنا اضافہ تحریک انصاف کی نا اہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے اور حکومتی وزرااورنام نہاد40مشیراپنی نوکریاں پکی کررہے ہوتے ہیں ، بدترین معاشی صورتحال اور بحرانوں میں الجھی ہوئی عوام سے حکومت نے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے ۔