لاہور(اپنے رپورٹر سے ) گلپور ہائیڈرو پاور پراجیکٹ نے کمرشل آپریشن شروع کردیا اور قومی گرڈ کیلئے سستی بجلی پیدا کررہا ہے ،منصوبے کی کل لاگت 52 ارب روپے ہے ۔ یہ بات گزشتہ روز نیسپاک کے مینیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر طاہر مسعود نے میڈیا کو بتائی۔انہوں نے مزید کہا کہ نیسپاک نے میسرز ایم ڈبلود ایچ کارپوریشن امریکہ کیساتھ جوائنٹ ونچرمیں دریائے پونچھ پر 102 میگا واٹ گلپور پاور پراجیکٹ کیلئے میسرزمیرا پاور لیمٹڈ کیلئے کنسلٹنسی خدمات فراہم کیں۔میرا پاور لمیٹڈ جنوبی کورین کمپنی کی ذیلی فرم ہے ۔ گلپور پراجیکٹ کی کامیابی سے تکمیل کیلئے نیسپاک نے بہت اہم کردار ادا کیا۔ نیسپاک نے منصوبے کیلئے مختلف سرکاری اداروں سے منظوری حاصل کرنے کیساتھ ساتھ میر ا پاور لیمٹڈ کو مکمل تکنیکی مدد فراہم کی اور ساتھ ہی تعمیرکے دوران پیدا ہونیوالے امور کو حل کرنے میں ای پی سی ٹھیکیدار کی مدد کرتا رہا۔ اس پراجیکٹ کی کامیابی کیساتھ تکمیل نیسپاک کیلئے ایک بہت بڑا اعزاز ہے ۔قبل ازیں نیسپاک نے 84 مگا واٹ نیو بونگ پاور پراجیکٹ کی تکمیل کیلئے مشاورتی انجینئرنگ خدمات فراہم کیں جو پاکستان کا پہلا ہائیڈرو آئی پی پی ہے ، اس طرح پاکستان میں نجی ہائیڈ رو پاور پراجیکٹ کی ترقی میں نیسپاک ایک معروف مشاورتی فرم بن گئی ہے ۔