واہ کینٹ(نیٹ نیوز)پاکستان ہاکی کا اور عظیم باب بند ہوگیا اور قومی ٹیم کو متعدد فتوحات اور میڈلز سے ہمکنار کروانے والے اولمپیئن ذاکر حسین 85 برس کی عمر میں انتقال کرگئے ۔سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق قومی ہاکی ٹیم کے سابق گول کیپر کی نماز جنازہ ان کے آبائی علاقے واہ کینٹ میں ادا کی جائے گی۔پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے صدر بریگیڈئر( ر)سجاد کھوکھر اور سیکرٹری پی ایچ ایف آصف باجوہ نے عظیم اولمپیئن کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔دونوں عہدیداران نے گولڈ میڈلسٹ گول کیپر کی بلند درجات کی دعا بھی کی۔اولمپیئن ذاکر حسین نے 1956 اور 1968 میں ہونے والے اولمپکس مقابلوں میں قومی ٹیم کی نمائندگی کی تھی۔ذاکر حسین نے میکسیکو میں ہونے والے 1968 کے اولمپک مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی جہاں پاکستان نے فائنل میں آسٹریلیا کو 1-2 سے شکست دے کر دوسری مرتبہ گولڈ میڈل حاصل کیا تھا۔سابق چیمپیئن کی کامیابیوں کا سلسلہ یہیں ختم نہیں ہوتا، بلکہ انہوں نے 1958 اور 1962 کے ایشین گیمز میں قومی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے گولڈ میڈل حاصل کیا۔دونوں ایونٹ کے فائنل میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو شکست دے کر گولڈ میڈل اپنے نام کیے ۔