لاہور(پ ر )پاکستان میں پہلی مرتبہ گھرکی ٹرسٹ ٹیچنگ ہسپتال میں پیروں اور ٹخنوں کی تکالیف ، اسباب اور علاج کے سلسلہ میں پانچ روزہ انٹر نیشنل ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا ۔ ورکشاپ میں چیف آف سپائن سنٹر پروفیسر ڈاکٹر عامر عزیز ،ڈاکٹر مارک مائرسن (USA)،ڈاکٹر ہارون مان (UK)، پروفیسر ڈاکٹر نعیم ، پروفیسر ڈاکٹر شہزاد ،ڈاکٹر عبداﷲ شاہ،پروفیسر رضوان اکرم ،پروفیسر ڈاکٹراعجاز احمد ، پروفیسر عتیق الزمان ، ڈاکٹر خرم اعجازایم ایس گھرکی ہسپتال اور لاہور کے دیگرہسپتالوں کے ڈاکٹرز نے شرکت کی ۔پروفیسر ڈاکٹر نعیم کی زیر نگرانی پانچ روزہ ورکشا پ کے پہلے دن ڈاکٹر مارک مائرسن ، پروفیسر ڈاکٹر عامر عزیز ، ڈاکٹر ہارون مان ، ڈاکٹر راحیل شریف نے پیروں اور ٹخنوں کی تکالیف سے متعلق مختلف مضوعات پر لیکچرز دیئے جبکہ دوسرے دن پیروں اور ٹخنوں کی بیماریوں میں مبتلا پچاس سے زائد مریضوں کا چیک اپ کیا گیا ۔تیسرے اور چوتھے روز ڈاکٹر مارک مائرسن ، ڈاکٹر ہارون مان ، ڈاکٹر راحیل شریف نے گھرکی ہسپتال کے ڈاکٹرز کے ہمراہ تیس سے زائد مریضوں کے آپریشنز بھی کیے ۔ ا س موقع پر پروفیسر ڈاکٹر عامر عزیز کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے پاکستان میں صحت کی سہولیا ت نہ ہونے کے برابر ہیں ۔ پیروں اور ٹخنوں کی سوجن ایک عام مسئلہ بن گیا ہے جس کے علاج کے لیے پاکستان میں سہولیات ناپید ہونے کے ساتھ ساتھ ڈاکٹرز کی بھی اشدکمی محسوس کی جاتی ہے ۔اس موقع پر ڈاکٹر مارک مائرسن کا کہنا تھا کہ وہ 20 ممالک میں مفت خدمات سرانجام دے رے ہیں۔گھرکی ہسپتال کا سپائن سنٹر جدید ترین سہولیا ت سے آراستہ ہے انہوں نے ایک سال میں دو مرتبہ پاکستان آنے کے عزم کا اظہار کیا ۔