ملتان؍ کراچی(خبرنگار؍ صباح نیوز)گڈز ٹرانسپورٹرز اور کنٹینرز اونرز ایسوسی ایشن نے مطالبات کی منظوری تک ہڑتال جاری رکھنے کااعلان کرتے ہوئے کاٹھور بائی پاس پر احتجاجی کیمپ قائم کردیا ۔تفصیلات کے مطابق روڈ پرمٹ فیسوں میں اضافے کے خلاف گڈز ٹرانسپورٹر نے غیر معینہ مدت کے لئے ملک بھر میں پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کیا ہے اور اسی سلسلے میں ہاکس بے ٹرک اڈہ پر احتجاجی کیمپ لگادیا گیا جبکہ کاٹھور پر سڑک کنارے گاڑیاں کھڑی کرتے ہوئے مال بردار ٹرکوں کی نقل و حمل مکمل روک دی ۔ترجمان گڈز ٹرانسپورٹر امداد حسین کے مطابق ہڑتال کے دوران کراچی میں ہاکس بے ٹرک اڈہ پر احتجاجی کیمپ قائم کیا گیا اور ملک بھر کی ہائی ویز پر گاڑیاں سڑکوں کے کنارے کھڑی کردی گئیں، جب تک مطالبات پورے نہیں ہوتے ،پہیہ کسی صورت نہیں چلے گا۔گڈز ٹرانسپورٹر رہنما عباس آفریدی کے مطابق پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جہاں لوڈ کی کھلی خلاف ورزی ہورہی ہے اور اس اقدام کی حکومتی سطح پر حوصلہ افزائی کی جارہی ہے ۔ادھر ملتان میں گڈز ٹرانسپورٹرز احتجاج کے معاملے پر دو گروپوں میں تقسیم ہو گئے ۔ آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن کی جانب سے بہاولپور بائی پاس چوک پر ٹرک کھڑے کر کے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ ملک ارشاد ڈوگر نے کہا ہے کہ حکومت سے مذاکرات چل رہے ہیں ،ایسی صورتحال میں ہڑتال کرنا مناسب نہیں ۔