لاہور، اسلام آباد ، لنڈی کوتل، صوابی ( اپنے سٹاف رپورٹر سے ، لیڈی رپورٹر، نمائندگان 92 نیوز ) منگل کے روز خیبر پی کے ، پنجاب ،اسلام آباد، بلوچستان اور بالائی سندھ کے اضلاع میں بارش ہوئی، محکمہ موسمیات کے مطابق آج بدھ کو اسلام آباد ، پنجاب،خیبر پی کے ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش کا امکان ہے ، اسلام آباد ، خطہ پوٹھوار، دیر، کوہستان،شانگلہ، بونیر،سوات،چترال،مالاکنڈ اور کشمیر میں بارش کیساتھ ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے ، آج لاہور ، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات، حافظ آباد، نارووال سمیت مختلف شہروں میں بارش کا امکان ہے ۔ لنڈی کوتل کے علاقہ پسیدخیل خار غلی اور صوابی میں بارشوں کے باعث مکانوں کی چھتیں گرنے سے تین بچوں سمیت 4فراد جاں بحق ہوگئے ہیں ،کمرے کی چھت گرنے سے 43 سالہ سلیم ولد عالم خان سمیت دو بچے جاں بحق ہو گئے ، صوابی میں افغان مہا جر کیمپ گندف انڈسٹریل اسٹیٹ گدون آمازئی میں افغان مہاجر خاندان کے کچے مکان کی چھت گرنے سے بارہ سالہ افغان بچہ جاں بحق ہو گیا۔