اسلام آباد، پشاور (سپیشل رپورٹر، 92 نیوز رپورٹ ، نیوز ایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان نے ملک میں مہنگائی کے اعتراف کیساتھ پاکستان کے دنیاکاسستاترین ملک ہونے کا بھی انکشاف کردیا۔ وزیر اعظم عمران خان نے گورنر ہائوس پشاور میں کامیاب جوان پروگرام کے تحت مائیکرو ہیلتھ انشورنس پروگرام کے اجرا اور احساس کفالت پروگرام کے تحت چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے کہا مہنگائی تو ہے ، لوگ مشکل میں ہیں، پوری دنیا میں مہنگائی ہے ، پاکستان دنیا میں سب سے سستا ملک ہے ، مہنگائی کی وجہ سے ہی احساس پروگرام شروع کیا، سردیاں بہت مشکل وقت ہے ، سردیوں کے بعد قیمتیں کم ہو جائیں گی، ٹیکس کی آدھی رقم تو سود اور قرضے ادا کرنے میں چلی جاتی ہے ، پاکستان کو ایشین ٹائیگر اور لاہور کو پیرس بنانے کے بجائے فلاحی ریاست بنانا چاہتے ہیں،اسلامی فلاحی ریاست کا مطلب مدینہ کی ریاست ہے ،احساس راشن پروگرام کیلئے 120ارب روپے رکھے اور فیصلہ کیا کہ تقریباً نصف خاندان کو 30فیصد کم پہ آٹا، گھی اور دالیں دی جائیں تاکہ لوگوں کی مشکلات کم ہوں۔50ہزار روپے سے کم آمدن والے افراد خود کو اس پروگرام میں رجسٹرڈ کروائیں جبکہ کریانہ سٹور کو بھی نیشنل بینک کیساتھ رجسٹرڈ کرائیں تاکہ سہولیات جلد فراہم کی جا سکیں، پنجاب میں یکم جنوری سے ہیلتھ کارڈ کی تقسیم شروع ہورہی ہے ، تین ماہ میں سارے پنجاب کے لوگوں کو ہیلتھ انشورنس ملے گی۔وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے تقریب سے خطاب میں کہا مہنگائی اپوزیشن کا پروپیگنڈہ ہے ،پاکستان میں ریٹس کافی کم ہیں، جس کا وژن ہی غریب کیلئے ہو وہ کیسے مہنگائی لا سکتا ہے ؟وزیرِ اعظم سے گورنر اور وزیرِ اعلی خیبر پختونخوا نے ملاقات کی جس میں صوبے کی سیاسی صورتحال اور انتظامی امورپر گفتگو کی گئی ۔ ملاقات میں وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چودھری بھی شریک تھے ۔وزیراعظم نے ٹوئٹرپربیان میں کہا ہم کھیلوں کے ڈھانچے میں اصلاحات کر رہے ہیں اور مزید میدان بنا رہے ہیں تاکہ پاکستان کو کھیلوں کی عظیم قوم بنا سکیں۔وزیر اعظم نے ایک تصویر بھی شیئرکی جس کے کیپشن میں لکھا کہ اسلام آباد میں کامیاب جوان ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں نوجوانوں نے بھرپور شرکت کی ۔ وزیراعظم نے اپنے ٹویٹ میں اولف شلز کو جرمنی کے چانسلر کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور کہا وہ پاک جرمن دیرینہ کثیرالجہتی شراکت داری کو مزید مضبوط اور مستحکم بنانے کیلئے ملکر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔ وزیراعظم نے تحریک انصاف کے بانی کارکن ڈاکٹر ابوالحسن کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ ٹوئٹر پر بیان میں وزیراعظم نے لکھا ڈاکٹر ابو الحسن کے انتقال کے بارے میں جان کر افسوس ہوا، انہوں نے پارٹی کی تنظیم کیلئے گرانقدر خدمات انجام دیں۔ میری تعزیت اور دعائیں انکے اہلخانہ کیساتھ ہیں۔