لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)تجزیہ کار ہارون الرشید نے کہاہے کہ اگر نوازشریف برطانیہ میں رہیں گے تو عمران خان کو نقصان نہیں بلکہ فائدہ ہوگا۔عدالتی فیصلے کے بعد عمران خان کے پاس موقع ہے کہ اس سے فائدہ اٹھائیں۔چینل92نیوزکے پروگرام’’مقابل ‘‘میں میزبان ثروت ولیم سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان پر ووٹرز،کارکنوں کا دبائو ہے ، اسلئے وہ پریشان ہیں، ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد انکے ووٹرز ناراض ہیں جنہوں نے سوشل میڈیاپر عدلیہ کیخلاف مہم چلا رکھی ہے انہیں مطمئن کرنے کیلئے وقت چاہئے جبکہ سپریم کورٹ جانے میں تو ہرطرح سے نقصان ہے ۔ میرا تو خیال ہے کہ آصف زرداری بھی جائینگے انہیں کراچی بھیجاجائیگا ۔ شیخ رشید اورفواد چودھری بڑی خرابی کررہے ہیں جسکا عمران خان کو بعد میں پتہ چلے گا۔ فواد اورشیخ رشید کو بدلہ لینے کا شوق ہے ۔ میرا تجزیہ ہے کہ اگریہی رویہ فواد چودھری کا رہاتو ایک دن وزارت سے جائینگے ۔عمران خان شیخ رشید کی جواب طلبی نہیں کرسکتے کیونکہ شیخ رشید انہیں چکمہ دینے میں کامیاب ہوجاتے ہیں۔ عمران خان کی میڈیا کو کنٹرول کرنے کی پالیسی بڑی غلط ہے ، اس میں فواد چودھری نے بھی خوب حصہ ڈالا۔ عمران خان میں لحاظ نام کی کوئی چیز نہیں، وہ فردوس عاشق اعوان کی کارکردگی سے بھی مطمئن نہیں۔ جس جج نے نوازشریف کا فیصلہ دیا وہ انتہائی معزز اورایماندار ہیں ،یہ وہی جج ہیں جنہوں سانحہ ماڈل ٹائون کا فیصلہ دیتے ہوئے شہبازشریف کو ذمہ دار ٹھہرایا تھا لیکن افسوس کہ انکے بارے میں سوشل میڈیاپر باتیں کی جارہی ہیں۔ عدالت کے فیصلے کاسب کوفائدہ ہوا،کسی کونقصان نہیں ہوا۔ سیاستدان تو جمہوریت کاگلا گھونٹے پر تلے ہوئے ہیں ،فسادی یہ چاہتے ہیں کہ ا سلام آباد میں لاشیں گریں لیکن چودھریوں نے معاملہ حل کرادیا۔ فضل الرحمٰن اور عمران خان میں انڈرسٹینڈنگ ہوگئی ہے اورابھی تک تو یہ قائم ہیں ۔مولانا نے جو حاصل کرنا تھا کرلیا ، اب دھرنا زیادہ دیر نہیں چل سکتا۔ چودھری پرویز الٰہی نے بتایا کہ وہ حکومت کیساتھ رہیں گے جبکہ عمران نے بھی انکی بات مان لی ہے ۔میراخیال ہے کہ عمران خان کوبھی سبق مل گیا ہے ، لگتا ہے کہ اسمبلی میں اب حکومت اوراپوزیشن میں تعاون ہوگا۔ ن لیگ نے ا ٓخری وقت میں ملک کیساتھ بہت برا کیا۔ میرے خیال میں ن لیگ کی ڈرائیونگ سیٹ پر اب شاہد خاقان عباسی ہونگے ،مریم نواز بھی جانا چاہتی ہیں اسی لئے خاموش ہیں۔ن لیگ میں اب شہبازشریف کا دور شروع ہوگیا ، انہیں آس ہے کہ شاید کبھی وزیراعظم بن ہی جائیں۔