لاہور،فیصل آباد(سپیشل رپورٹر،خصوصی نمائندہ،خصوصی رپورٹر، این این آئی، مانیٹرنگ ڈیسک )گلے پر ڈور پھرنے سے لاہور کے علاقہ ساندہ میں6 سالہ بچی حریم فاطمہ اورفیصل آباد میں18 سالہ نوجوان حمزہ سرور جاں بحق ہوگئے ۔بتایا گیا ہے کہ شہری محمد عمران اپنی فیملی کے ہمراہ موٹر سائیکل پر ماڈل ٹاؤن سے شاہدرہ جا رہا تھا کہ ساندہ کے علاقہ میں شبلی ٹائون بند روڈ ڈبل سڑکوں کے پاس آگے بیٹھی ہوئی بیٹی حریم فاطمہ کی گردن پر پتنگ کی ڈور پھر گئی۔گلا کٹنے سے بچی کے خون کا فوارہ ابل پڑا ، حریم کو انتہائی تشویشناک حالت میں میاں منشی ہسپتال پہنچایا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکی ۔طبی امداد سے قبل ہی بچی نے والدین کے ہاتھوں میں جان دیدی۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور قانونی کارروائی کا آغاز کردیا ،والد نے پوسٹمارٹم سے منع کردیا جس پر لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی ۔ متوفیہ کی نماز جنازہ شاہدرہ کے علاقہ فضل پارک میں ادا کی گئی۔دریں اثنا سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید نے ڈی آئی جی آپریشنز سے رپورٹ طلب کرلی جبکہ ڈی آئی جی آپریشنز اشفاق خان نے ڈور پھرنے سے بچی کے جاں بحق ہونے پر ایس ایچ او ساندہ شرجیل ضیا کو معطل کرکے لائن حاضر کردیا ۔ڈی آئی جی نے کہا کہ پولیس افسر پتنگ بازی پر پابندی کے قانون پر ہر صورت عملدرآمد کرانے کے پابند ہیں،پتنگ بازی سے کسی ہلاکت کی صورت میں متعلقہ افسرکیخلاف سخت کارروائی ہو گی ۔علاوہ ازیں جڑا نوالہ کے چک 240 گ ب کے رہائشی سرور کا 18 سالہ بیٹا حمزہ سرور فیصل آ باد میں اپنے رشتہ دارو ں کے گھر مہمان آ یا ہوا تھا جو کہ موٹر سائیکل پر سوار ہو کر دوست سے ملنے جا رہا تھا کہ تھانہ پیپلز کالونی کے بالکل سامنے کیمیکل ڈور پھرنے سے اسکی شہ رگ کٹ گئی اور اس نے موقعہ پر ہی پولیس اہلکاروں کی موجودگی میں تڑپ تڑپ کر جان دیدی۔ بعدازاں پیپلز کالونی پولیس نے قانونی کا رروائی عمل میں لا تے ہو ئے لاش کو ورثا کے حوالہ کر دیا ۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ڈور پھرنے سے بچی اور نوجوان کے جاں بحق ہونے کے واقعات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور اور آر پی او فیصل آباد سے رپورٹ طلب کر لی جبکہ ذمہ داروں کیخلاف محکمانہ ایکشن کیساتھ سخت قانونی کارروائی کا حکم دیدیا اور کہا کہ قیمتی انسانی جان کے ضیاع پر معطلی کافی نہیں ۔ وزیراعلیٰ نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غفلت کے مرتکب افراد کیخلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائیگی ۔ دریں اثنا لاہور پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 207پتنگ باز اور 07 پتنگ فروش گرفتار کرکے 216مقدمات درج کر لیے ۔