لاہور(نمائندہ خصوصی سے )وقف املاک کے ٹھیکہ و پٹہ جات بروقت نیلام نہ ہونے پر محکمہ اوقاف و مذہبی امور میں 12آفیسرز کے خلاف محکمانہ کارروائی کی گئی ۔ 5زونل ایڈمنسٹریٹرز اور ایک مینجر کو ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن کی جانب سے اظہار خفگی کے نوٹس جبکہ سیکرٹری اوقاف کی جانب سے ایک زونل ایڈمنسٹریٹر اور 5مینجرز کو شوکاز نوٹس جاری کر دیئے گئے ۔ذرائع کے مطابق سیکرٹری اوقاف ذوالفقار احمد گھمن نے لاہورسمیت پنجاب بھر کی وقف املاک کے سالانہ پٹہ جات و نیلام کی بابت اعلی سطح کا اجلاس بلایا، جس میں ڈائریکٹوریٹ آف سٹیٹ کی پیش کردہ رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ 6ایڈمنسٹریٹرز اور 6مینجرز کی عدم دلچسپی کی بناء سال 2019-20 کے لئے محکمہ کی وقف املاک کے ٹھیکہ و پٹہ جات کی بروقت نیلامی ممکن نہیں ہو سکی ۔ محکمانہ آمدن شدید متاثر ہوئی ، رواں مالی سال کے لئے طے کردہ اہداف کا حصول بھی ممکن دکھائی نہیں دیتا ۔ذرائع کے مطابق رپورٹ کی روشنی میں شمس الحق زونل ایڈمنسٹریٹر ڈیرہ غازی خان ،عمیر اقبال مینجر رحیم یار خان، شمشیر اختر مینجر مظفر گڑھ، حفیظ احمد مینجر ڈیرہ غازی خان، شہباز احمد مینجر شور کوٹ،اور عمران تبسم مینجر شاہ کوٹ کو شو کاز نوٹس جبکہ ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن ایاز احمد لاشاری زونل ایڈمنسٹریٹر فیصل آباد، زاہد اقبال زونل ایڈمنسٹریٹر راولپنڈی، عبد الشکور زونل ایڈمنسٹریٹر سرگودھا،غلام عباس عباسی زونل ایڈمنسٹریٹر بہاولپور، سکندر ذوالقرنین کھچی زونل ایڈمنسٹریٹراورجمیل اختر شیخ مینجر داتا دربار کو اظہار ناراضگی نوٹس جاری کر دئیے ہیں۔