لاہور(جنرل رپورٹر)صوبائی وزیرصحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشدنے پراجیکٹ ڈائریکٹرپروکیورمنٹ مینجمنٹ یونٹ اسدنعیم کوایک ہفتے کے اندرتمام ڈسٹرکٹ اورتحصیل ہیڈکوارٹرزہسپتالوں میں میڈیکل سامان تقسیم کرنے کاحکم دے دیا۔ سپیشل سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈسیکنڈری ہیلتھ کئیراجمل بھٹی ایک ہفتے بعدتمام میڈیکل سامان کی تقسیم کے حوالہ سے تفصیلی رپورٹ پیش کرینگے ۔ صوبائی وزیرصحت نے یہ حکم محکمہ سپیشلائزڈہیلتھ کئیراینڈمیڈیکل ایجوکیشن میں پروکیورمنٹ مینجمنٹ یونٹ کی کارکردگی بارے خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیا۔ اس موقع پرسپیشل سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈسیکنڈری ہیلتھ کئیراجمل بھٹی، ٹیکنیکل ایڈوائزر ڈاکٹراختررشید، پروجیکٹ مینیجرپی ایم یو اسدنعیم ، پروفیسر جاوید چودھری، اکاونٹیبیلٹی ایڈوائزدڈاکٹرنعیم مجید، میاں زاہد ودیگرافسران نے شرکت کی۔ سپیشل سیکرٹری اجمل بھٹی نے صوبائی وزیرصحت کوپروکیورمنٹ مینجمنٹ یونٹ کی اوورآل کارکردگی بارے تفصیلات سے آگاہ کیا۔ وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ پروجیکٹ مینجرپی ایم یوذاتی طورپرڈسٹرکٹ اورتحصیل ہیڈکوارٹرزجاکرترقیاتی منصوبوں کے بارے میں پیش رفت کی جائزہ رپورٹ پیش کریں۔