لاہور( نیوز رپورٹر ) انسپکٹر جنرل پاکستان ریلوے پولیس ڈاکٹر مجیب الرحمن خان کی زیرِ صدار ت سنٹرل پولیس آفس ریلوے میں ایس پی ریلویز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق سنٹرل پولیس آفس ریلوے لاہور میں ہونے والے اجلاس میں ڈی آئی جی آپریشنز شارق جمال خان ، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز جوا د احمدڈوگر، ڈی آئی جی سکیورٹی اختر عباس اور دیگر سینئر افسران کے ہمراہ ریلوے پولیس کی تمام ڈویژنوں کے ایس پیز نے شرکت کی ۔ریلوے پولیس کے ایس پیز نے آئی جی ریلوے پولیس کو اپنی اپنی ڈویژن کی کارکردگی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی ریلوے پولیس نے کہا کہ ریلوے مسافروں کی جان و مال اور ریلوے تنصیبات کو تحفظ فراہم کرنا ریلوے پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے تاہم ریلوے مسافروں کو تحفظ کے ساتھ ساتھ سروس فراہم کرنا ریلوے پولیس کی اولین ترجیح ہونی چاہیے اور اس مشن کو کو عملی جامہ پہنانے کے لئے ریلوے پولیس افسران و جوانوں کو خصوصی تربیت یونیفارم مہیا کی جائے ۔ آئی جی ریلوے پولیس نے مزید کہا کہ خواتین مسافروں کی رہنمائی اور حفاظت کے لئے ریلوے سٹیشنوں اور تھانوں میں خواتین ڈیسک قائم کئے جائیں گے ۔