کراچی (کامرس رپورٹر )پاکستان سٹاک ایکس چینج منگل کو اتار چڑھاؤکے بعد مندی کی لپیٹ میں آ گئی۔ماہرین کے مطابق آئی ایم ایف پروگرام پردوبارہ مذاکرات کے دوران ممکنہ سخت شرائط کے خدشے نے سرمایہ کاروں خاص طور پر غیر ملکیوں میں بھی تشویش پیدا کی ۔ جس کی وجہ سے مارکیٹ تنزلی کا شکار ہوئی۔ گزشتہ روز مندی کے باعث کے ایس ای100انڈیکس 377.93پوائنٹس کمی سے 44666.57پوائنٹس پرآگیا ۔ مارکیٹ کے سرمائے کامجموعی حجم 41ارب93کروڑ94لاکھ55ہزار 10روپے کمی سے سکڑکر78کھرب 4ارب 20کروڑ37لاکھ 41ہزار 463روپے رہ گیا۔اس دوران 33کروڑ46لاکھ 89ہزار حصص کے سودے ہوئے ۔60.63فیصد حصص کی قیمتیں گھٹ گئیں۔مجموعی طور پر564کمپنیوں کا کاروبار ہوا ۔ادھر انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت خرید 170.75 اور قیمت فروخت170.85 پر جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید 171.50اور قیمت فروخت172روپے پربرقرار رہی۔صرافہ مارکیٹ میں800روپے اضافے سے ایک تولہ سونے کی قیمت 1لاکھ15ہزار روپے جبکہ 10گرام سونے کی قیمت686روپے اضافے سے 98ہزار594روپے ہو گئی۔