کراچی (سٹاف رپورٹر)چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے گزشتہ روز قطر کے سرکاری دورے کے دوران کمانڈر قطرامیری ایئر فورسز اور کمانڈنٹ جوآن بن جاسم جوائنٹ کمانڈ اینڈ سٹاف کالج سے ملاقات کی ۔ کمانڈر قطر امیری ایئر فورسز میجر جنرل پائلٹ سلیم حماد النبیت سے دوحہ ائیر بیس پراور کمانڈنٹ جوآن بن جاسم جوائنٹ کمانڈ اینڈسٹاف کالج میجر جنرل محمد حماد ال نوعیمی الوقرہ سے دوحہ میں علیحدہ علیحدہ ملاقات کی۔ ملاقاتوں میں علاقائی امن واستحکام ،باہمی دلچسپی کے امور کے ساتھ دو طرفہ عسکری تعاون پر بات چیت کی گئی ۔ نیول چیف نے مشترکہ مشقوں اور تربیتی پروگراموں کے ذریعے دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان روابط میں اضافے کی اہمیت پر زور دیا ۔معزز شخصیات نے مختلف شعبوں میں دو طرفہ مضبوط عسکری تعاون کی اہمیت کو سراہتے ہوئے مختلف عسکری شعبوں میں باہمی تعاون میں مزید اضافے پر اتفاق کیا۔نیول چیف نے کالج کے دورے کے دوران’’ ورلڈ آرڈر ،ماضی اور حال، سمندر اور بحری افواج کا کردار‘‘ کے عنوان پر لیکچر دیا ۔نیول چیف نے کورس کے شرکاکو نصیحت کی کہ صرف اللہ سبحان تعالیٰ کی ذات پر کامل یقین ، نئی کریم ﷺ کی سنت اور شاندار ماضی سے سبق حاصل کر کے ہی کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کر سکتے ہیں۔