کراچی(این این آئی) ریلوے پولیس نے ریلوے اراضی پر غیر قانونی قبضے پر رہنما ایم کیو ایم بحالی کمیٹی کامران ٹیسوری کے خلاف سٹی سٹیشن تھانے میں مقدمہ درج کرلیا۔ایف آئی آر کے مطابق کامران ٹیسوری نے ریلوے زمین پر غیر قانونی تعمیرات کررکھی ہیں اور تیجوری ہائٹس نامی پراجیکٹ میں 2 ہزار 783 سکوائر یارڈ زمین ریلوے کی ہے ، مقدمے میں زمین پر قبضے کی دفعات بھی شامل ہیں۔ریلوے پولیس کے مطابق گلشن اقبال میں تعمیر کئے جانے والے رہائشی پراجیکٹ کی اراضی میں 2 ہزار گز سے زائد زمین ریلوے کی ہے ۔ایم کیو ایم بحالی کمیٹی کے رہنما نے مقدمے پر اپنے ردعمل میں کہا مقدمہ جھوٹ پر مبنی ہے ، ثابت ہوگیا کراچی والوں کو کوئی بھی کام کرنے کا اختیار نہیں، وفاقی وزیر نے ذاتی مفاد کی خاطر مقدمہ درج کرایا، اس اقدام سے ان کا کراچی والوں سے بغض کھل کر سامنے آگیا، انشا ﷲ جیت حق کی ہوگی اور ہم اس مقدمے میں سرخرو ہوں گے ۔