کراچی(این این آئی)پاکستانی اداکار یاسر حسین نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اقدام کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر تمام پاکستانی فنکاروں سے درخواست کی ہے کہ وہ بھارت جاکر کام کرنے سے انکار کردیں۔بھارتی حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں جاری ظلم وبربریت اور خونریزی کے خلاف آواز بلند کرتے ہوئے اداکار یاسر حسین نے تمام فنکاروں سے درخواست کی ہے کہ وہ مکمل طور پر بھارت کا بائیکاٹ کردیں۔یاسر حسین نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کے ذریعے کہا ہے میں چاہتاہوں پاکستان کا ہر آرٹسٹ بولے کہ وہ انڈیا کے ساتھ کبھی کام نہیں کرے گا انہوں نے کہاکہ کشمیر سے پیار بھی ہے اور انڈیا بھی جانا ہے ؟ مطلب شوگر بھی ہے اور کیک بھی کھانا ہے ۔اس پوسٹ کے ساتھ یاسر حسین نے پیغام لکھا اب سب پاکستانی آرٹسٹ میرا احتساب کریں گے تاہم مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا، مجھے پاکستان سے محبت ہے اور میں کشمیر کے لئے روتاہوں۔ انہوں نے کہاکہ میں مانتا تھا کہ آرٹ کی کوئی سرحد نہیں ہوتی مگر شاید اب ہوتی ہے ، انہوں نے (بھارت نے ) بنائی ہے اب ہم کو بھی بنانی ہوگی۔