اسلا آباد،لاہور ،قطب پور، دوکوٹہ، سرگودھا، ٹوبہ ٹیک سنگھ(وقائع نگار،سٹاف رپورٹر،اپنے سٹاف رپورٹر سے ،نامہ نگاران ، خبرنگار،ڈسٹرکٹ رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک ) قیامت خیز گرمی، بجلی کی بندش، اسلام آباد میں 25 سکول کے بچے اور دوکوٹہ میں 2بچے بے ہوش جبکہ متعددکی نکسیر پھوٹ گئی، سخت گرمی اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث سکول میں چھٹی دے دی گئی۔ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ملک بھر میں بجلی کی اضافی لوڈ شیڈنگ کا نوٹس لے لیا۔ نیپرا نے بجلی کی تمام تقسیم کار کمپنیوں سے غیرعلانیہ لوڈ شیڈنگ پر وضاحت طلب کرلی تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں بارہ کہو کے علاقے ملپور میں بجلی کی بندش اور شدید گرمی سے سکول کے 25 بچے بے ہوش ہوگئے ۔سخت گرمی کے باعث کئی بچوں کی نکسیر بھی پھوٹ پڑی۔ سکول انتظامیہ کا کہنا تھا کہ بچوں کو طبی امداد کیلئے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا، آئیسکو حکام کو متعدد شکایات کے باوجود بجلی بحال نہیں ہوئی۔دوکوٹہ میں شدید گرمی کے باعث گورنمنٹ ہائی سکول 211 کے دو بچے بے ہوش ہو گئے ۔ ملک میں بجلی کا بحران شدید ہو گیا۔مجموعی شارٹ فال 5000 میگا واٹ تک پہنچ چکا ہے ۔عوام لوڈشیڈنگ کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔وزرات توانائی کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ شارٹ فال 1500 میگا واٹ ہے اور لوڈ شیڈنگ بھی کم ہو رہی ہے ۔ علاوہ ازیں نیپرا کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق کے الیکٹرک سمیت تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے سی ای اوز کو جمعہ کو طلب کیا گیا ہے ۔ تمام تقسیم کار کمپنیاں صارفین کو بلا تعطل بجلی فراہم کرنے کی پابند ہیں۔ لاہور سمیت مختلف شہروں میں بجلی کی غیر علانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث بچے ، بوڑھے ، نوجوان گرمی سے نڈھال ہو گئے اور کاروبار بھی ٹھپ ہوگئے بار بار بجلی آنے جانے اور وولٹیج ہائی لو ہونے کی وجہ سے شہریوں کی قیمتی الکٹرانک اشیاء بھی جل رہی ہیں شہریوں کا کہنا ہے پورا ایک سال مرمت کے نام پر شیڈول جاری کر کے بجلی بند کی جاتی تھی لیکن اس کے باوجود بھی گرمی آتے ہی بدترین لوڈ شیڈنگ شروع چکی ۔سرگودھا میں استقلال آبادکالونی ہائی سکول میں چارطلبہ کی حالت غیرہوگئی، اسی طرح مقامی نجی تعلیمی اداروں میں دو طالبہ بھی گرمی سے نڈھال ہوکرحالت خراب ہونے پر انہیں طبی امداددیکر گھر بھیج دیاگیا،محکمہ تعلیم ذرائع کے مطابق گرمی کے باعث بچوں کی ناک سے خون بہنے لگا۔گرمی کے موسم میں بجلی کی بندش کے باعث متعدد علاقوں میں پانی سپلائی نہ ہونے سے لوگ پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔ٹوبہ ٹیک سنگھ میں سرکاری و پرائیویٹ سکولز میں متعدد کمسن طلبہ نڈھال اور بے ہوش ہوگئے ۔ لاہور کے علاقے ہربنس پورہ ، گڑھی شاہو، جی ایس ون لاریکس سوسائٹی ،بادامی باغ،جلو، باٹا پور میں چار سے چھ گھنٹے لوڈشیڈنگ کی گئی ۔اقبال ٹاؤن، مصطفی ٹاؤن ، سبزازار میں بھی تین سے پانچ گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی گئی ۔لیسکو چیف حکام نے کہا کہ لاہور میں کہیں بھی لوڈشیڈنگ نہیں کی جارہی، ہائی لاسز فیڈرز پر شیڈول کے مطابق لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے ۔علاوہ ازیں محکمہ موسمیات نے جمعہ سے پیر کے دوران ملک کے مشرقی / وسطی علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی ہے ۔ جمعہ کے روز مرطوب ہوائیں بحیرہ عرب سے ملک میں داخل ہونگی۔ جس کے باعث اسلام آباد،لاہور، راولپنڈی ودیگر علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔