اسلام آباد (این این آئی)الیکشن کمیشن میں ایم کیو ایم پاکستان پر پابندی سے متعلق درخواست سماعت کے لئے منظور کر لی گئی۔پیر کو چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں تین رکنی کمیشن نے سماعت کی۔ درخواستگزار محمد اسماعیل نے بتایا ایم کیو ایم پاکستان نے منی لانڈرنگ کی ہے ، سن چیرٹی کے ذریعے پاکستان سے بانی ایم کیو ایم کو رقم بھجوائی گئی، ایم کیو ایم پاکستان نے 2012 میں 1 لاکھ 80 ہزار پاؤنڈ لندن بھجوائے ، رقم ایم کیو ایم نے اپنے گوشواروں میں ظاہر نہیں کی، الیکشن کمیشن سے حقائق چھپانے پر ایم کیو ایم پر پابندی عائد کی جائے ۔ الیکشن کمیشن نے خالد مقبول صدیقی،فاروق ستار،مئیر کراچی،کنور نوید جمیل،ارشد وہرہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 2 مئی تک ملتوی کردی۔ نااہلی سے متعلق کیس میں ایم کیو ایم پاکستان کے منحرف بلدیاتی نمائندے الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے ۔ بلدیاتی نمائندوں نے الیکشن کمیشن سے جواب جمع کرانے کے لئے مہلت مانگ لی جس پر الیکشن کمیشن نے 29 اپریل تک جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی۔