ریاض(این این آئی)یمن میں عرب اتحاد کے 21حملوں میں متعدد حوثی باغی ہلاک ہوگئے ۔ حجہ اور مآرب میں ایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کیخلاف کارروائی کی گئی ،15فوجی گاڑیاں بھی تباہ کی گئیں، جنوری میں حوثیوں نے متحدہ عرب امارات پر بھی ڈرون اور بیلسٹک میزائلوں سے حملے کئے تھے ،تفصیلات کے مطابق عرب اتحاد نے یمن کے صوبوں حجہ اور مآرب میں ایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کے خلاف 21 اہدافی حملے کیے ۔سعودی پریس ایجنسی کے مطابق حملوں کے نتیجے میں 15فوجی گاڑیاں تباہ ہو گئیں اور حوثیوں کی ہلاکتیں ہوئی ہیں لیکن ان کی تعداد نہیں بتائی گئی۔ایران کے حمایت یافتہ حوثی سعودی عرب کے شہروں اور شہری تنصیبات کو آئے دن بارود سے لدے ڈرونز، بیلسٹک میزائلوں اور کھلونا کشتیوں سے نشانہ بناتے رہتے ہیں۔جنوری میں حوثیوں نے متحدہ عرب امارات پر بھی ڈرون اور بیلسٹک میزائلوں سے حملے کیے تھے جو یمن میں ملیشیا کے خلاف لڑنے والے عرب اتحاد کا حصہ ہے ۔