کوٹری،لاہور ، شرقپور شریف (نامہ نگاران، کرائم رپورٹر ،نمائندہ 92نیوز) مختلف حادثات وواقعات کے دروان ۔کوٹری میں تین بھائیوں سمیت8 افراد شرقپور میں بچی جوہڑ میں گر کر جاں بحق ہوگئی ۔انڈس ہائی وے پر سن کے قریب دادو سے کراچی جانے والی اور حیدرآباد سے سیہون آنے والی دو کاریں تیز رفتاری کے باعث آمنے سامنے ایک زور دار دھماکے سے ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں پولیس اہلکار احمد علی ابڑو سمیت 4افراد چل بسے ، 3 زخمی ہوئے ۔ سپر ہائی وے نوری آباد کے قریب لنک روڈ پر تیز رفتار کار کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار تین بھائی چل بسے جبکہ کار سوار موقع سے فرار ہوگیا تینوں بھائیوں کی لاشیں گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا ۔شرقپور کے علاقہ نبی پورہ میں شبیر حسین جو میونسپل کمیٹی شرقپور کا ملازم بھی ہے اسکی پانچ سالہ بیٹی زاہدہ بتول مبینہ طور پر گھر کے قریب کھیلتے ہوئے جوہڑ میں گر کر ڈوب گئی جسے اطلاع ملنے پر ورثاء نے جوہڑ سے نکالا تو زاہدہ بتول دم توڑ چکی تھی ۔ والد شبیرکا کہنا ہے کہ ہم کام سے واپس گھر آئے تو بیٹی گھر موجود نہیں تھی ہمیں شبہ ہے کہ ہماری بیٹی کو منصوبہ کے تحت قتل کیا گیا ۔ لاہور ہربنس پورہ کے علاقے میں تیز رفتار کار کار بے قابو ہو کر نہر میں گر گئی جس میں موجود بچوں کی چیخوں کی آواز سن کر پولیس اور موقع پر موجود لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت تینوں بچوں کو بحفاظت نہر سے نکال لیا کار میں کمسن ڈرائیور علی کے دو چھوٹے بھائی عمر اور عثمان بھی سوار تھے ، حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔