اسلام آباد (ذیشان جاوید) انڈس واٹر کمیشن آف پاکستان کی جانب سے مسلسل دباؤ کے بعد بھارت نے مشرقی دریاؤں میں پانی کے بہاؤ کی صورتحال کے حوالے سے بالآخر پاکستان کو آگاہ رکھنے کا عمل دوبارہ سے شروع کر دیا۔ گذشتہ روز انڈس واٹر کمیشن آف پاکستان کو بھارت کمیشن کی جانب سے باقاعدہ طور پر مشرقی دریاؤں میں پانی کے بہاؤ کی صورتحال کے ا عدادو شمار فراہم کر دیے گئے ۔ روزنامہ 92 نیوز کے پاس محفوظ دستاویزات کے مطابق بھارت کے پاکستان کو جو اعداد و شمار فراہم کیے ہیں ان کے مطابق فیروزپور کے مقام پر دریائے ستلج میں پانی کا بہاؤ 43 ہزار 54 کیوسک بتایا گیا ہے ، بھارتی اعداد وشمار کے مطابق فیروزپور کے مقام پر دریائے ستلج میں پانی کے بہاؤ کا یہ تسلسل برقرار ہے ۔ اسی طرح انڈس واٹر کمیشن آف پاکستان کے دفتر کے مطابق بھارتی پنجاب کے علاقے فیروزپور اور تاران صاحب کے سرحدی علاقے پر واقع ہاریکے آبی ذخیرہ سے مشرقی دریاؤں ستلج اور بیاس کے سنگم میں پانی کے بہاؤ کا حجم 1 لاکھ 59 ہزار پانچ سو بارہ کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ بھارت کے شمال میں واقع ریاست ہماچل پردیش کے ضلع بیلاس پور کے گاؤں بھاکرہ میں واقع بھارکرہ ڈیم سے دریائے ستلج میں پانی کا اخراج 54 ہزار 3 سو 93 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ ریاست ہماچل پردیش میں پونگ ڈیم سے دریائے بیاس میں پانی کا اخراج 736 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے ۔