لاہور(اشرف مجید) پنجاب حکومت کو دی جانے والی رپورٹ میں ڈینگی لاروا کی افزائش کی سب سے بڑی آماجگا لاہور میں موجود تینوں جنرل بس سٹینڈوں سمیت بند روڈ پر موجود ڈی کلاس سٹینڈوں کو ٹھہرایا گیا ہے ،ان تمام مقامات پر حفاظتی اقدامات کرنے میں نہ صرف سابق ڈی سی لاہور صالحہ سعید بلکہ ایڈمنسٹریٹر لاری اڈہ احمد رضا بٹ بھی مکمل طور پر ناکام رہے ہیں جس پر پنجاب حکومت کی جانب سے اب ایڈمنسٹریٹر لاری اڈہ کو بھی تبدیل کرنے بارے غور شروع کر دیا گیا ہے ،رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایڈمنسٹریٹر لاری اڈہ احمد رضا بٹ کو نہ صرف کمشنر لاہور بلکہ ڈی سی لاہور کی جانب سے متعدد بار جنرل بس سٹینڈ لاری اڈہ ،بادامی باغ بلکہ جناح بس ٹرمینل ٹھوکر نیاز بیگ ،سکندریہ بس ٹرمینل بند روڈ اور ڈی کلاس بس سٹینڈز پر ڈینگی کے حوالے سے اقدامات کرنے پر زور دیا جاتا رہا ہے لیکن انکی جانب سے سارا سارا دن لاری اڈہ میں نہ جانے اور شام کے اوقات میں دو گھنٹے کیلئے جا کر صرف کاغذی کاروائی مکمل کی جاتی رہی ہے ،رپورٹ کے مطابق ڈینگی لاروا کی موجودگی کی بڑی وجہ وہاں پر موجود ٹائر شاپس کے علاوہ پورے لاری اڈہ میں گندگی کے ڈھیر ،بارشوں کے دوران کئی کئی روز تک پانی کا کھڑا رہنا ہے ،جب لاری اڈہ میں صفائی کے انتظامات کرنا ضروری تھے اس وقت انتظامیہ کی وہاں پر موجودگی نہیں تھی ،ذرائع کے مطابق سابق ڈی سی لاہور صالحہ سعید کے بعد اب ڈینگی کے حوالے سے کام میں سستی دکھانے والے دیگر افسران کو بھی فارغ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس میں ایڈمنسٹریٹر لاری اڈہ احمد رضا بٹ سر فہرست ہیں۔