اسلام آباد (لیڈی رپورٹر،نیٹ نیوز) وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسف سے پریانکا چوپڑا کو بطور خیرسگالی سفیر برطرف کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔یونیسف کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہینریٹا فور کو وفاقی وزیر شیریں مزاری نے ایک خط لکھا جسے انہوں نے ٹوئٹر پر بھی شیئر کیا۔شیریں مزاری اپنے خط میں کہا کہ یونیسیف نے بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا کو امن کا سفیر مقرر کیا ہے لیکن انہوں نے بھارتی سرکار کے ظلم اور ہتھکنڈوں کی کھل کر حمایت کی، بھارتی اداکارہ کا بطور امن کے سفیر رویہ خود امن کے خلاف ہے کیونکہ اداکارہ نے پاکستان پر جوہری حملے کی دھمکی کی بھی کھل کر تائید کی،پریانکا کی عالمی قوانین سے روگردانی اقوام متحدہ کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے ،انہوں نے مطالبہ کہا کہ جنگی جنون میں مبتلا اس خاتون (پریانکا) کو امن کی سفیر کے منصب سے فوری ہٹایا جائے ،خط میں شیریں مزاری نے مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔انہوں نے لکھا کہ اہل کشمیر کی نسل کشی کے منصوبے نے مقبوضہ کشمیر میں بحرانی کیفیت کو جنم دیا جب کہ بھارت سرکار نے آسام میں 40 لاکھ مسلمانوں کو شہریت دینے سے بھی انکار کردیا،بھارتی حکومت نازی عقوبت خانوں کی طرح مسلمانوں کو حراستی مراکز میں قید کررہی ہے جب کہ قابض بھارتی افواج مقبوضہ کشمیر میں خواتین اور بچوں کیخلاف پیلٹ گن بھی استعمال کر رہی ہیں۔