فیصل آباد(شائستہ شیخ)دی یونیورسٹی آف فیصل آباد کے طلباء و طالبات کیلئے گزشتہ روز مسرتوں بھرا ٹھہرا، کیونکہ ان کو ان کی محنت کا پھل ڈگری اور میڈلز کی صورت میں ملا ،ڈگری ہولڈرز نے مستقبل کیلئے نئے ٹارگٹ سیٹ کر لئے ، دی یونیورسٹی آف فیصل آباد میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج، دی یونیورسٹی آف فیصل آباد سرگودھا روڈ اور امین کیمپس کے طلباء و طالبات ڈگریاں اور میڈلزلے کر خوشی سے پھولے نہیں سما رہے تھے ،اس پرمسرت موقع پر طلبہ نے خوب سیلفیاں بنائیں اور خوب ہلہ گلہ کیا، طلبہ نے یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کرنا قابل فخر سمجھا اور اپنے میڈل بھی اساتذہ اور والدین کے نام کرتے نظر آئے ۔ 92نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے طلبہ و طالبات کا کہنا تھا کہ دی یونیورسٹی آف فیصل آباد اور یونیورسٹی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج میں انہیں بہترین تعلیمی ماحول اور انتہائی قابل اساتذہ میسر آئے جنہوں نے انہیں تعلیمی میدان میں کندن بنایا اور آج اساتذہ کی محنت اور والدین کی دعاؤں سے وہ اس مقام پر پہنچے ہیں، اس موقع پر اساتذہ نے طلباء و طالبات کی کامیابیوں کو شاندار الفاظ میں سراہا، طلبہ و طالبات کا کہنا تھا کہ وہ تعلیم مکمل کرکے عملی میدان میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائیں گے اوریہ فخر بھی محسوس کریں گے کہ وہ یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج اور دی یونیورسٹی آف فیصل آباد سے فارغ التحصیل ہوئے ہیں۔