مکرمی !حکومت کا ٹیکس چوروں کی اتنی بڑی تعداد کے خلاف سخت اقدامات کا فیصلہ بلا شبہ ایک جرات مندانہ فیصلہ ہے جس پر عمل درآمد مکمل ہو جائے تو یقینا ملک کی قسمت بدل سکتی ہے ،انکم ٹیکس چوری کرنے اور اثاثے ظاہر نہ کرنیوالوں کے خلاف سخت کارروائی ناگزیر ہے ،ان کیلئے قانون میں مزید ترمیم کرکے بھاری جرمانوں کی سزائیں بھی نافذ کی جائیں،یہی کافی نہیں انکم ٹیکس کی ادائیگی کو عام فہم اور آسان بنانابھی انتہائی ضروری ہے،موجودہ وقت میں انکم ٹیکس کی ادائیگی بھی جوئے شیر لانے کے مترادف ہے ،5 ہزار کا ٹیکس دینے کیلئے بھی10ہزار کا وکیل کرنا پڑتا ہے ،انکم ٹیکس کے دفاتر چھوٹے شہروں اور بڑے قصبات میں بھی قائم کئے جائیں اور ایسے ماہر اہلکار تعینات کئے جائیں جن کے ہوتے ہوئے ٹیکس دہندہ کو کسی وکیل کی خدمات حاصل کرنے کی ضرورت پیش نہ آئے۔۔! اور وہ بآسانی تمام مراحل خیرو خوبی سے سرانجام دے سکے۔ (ایم شفیق،اسلام آباد)