لاہور ( این این آئی) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر فہیم الرحمن سہگل نے کہا ہے کہ خوف و ہراس کی فضا میں نہ تو کاروبار چل سکتے ہیں اور نہ ہی حکومت کو محاصل کے اہداف پورے کرنے میں کوئی مدد ملے گی، جب تک موجودہ ٹیکس دہندگان کو عزت و احترام نہیں دیا جائے گا تب تک نئے افراد کا ٹیکس نیٹ میں آنا ممکن نہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار آل پاکستان پیپر مرچنٹس ایسوسی ایشن کے صدر احد امین ملک کی سربراہی میں تاجروں کے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ خامس سعید بٹ اور ایسوسی ایشن کے دیگر ممبران بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ لاہور چیمبر ٹیکس نیٹ کو وسعت اور ٹیکس ٹو جی ڈی پی کی شرح بڑھانے کے لیے ہر ممکن کوششیں کررہا ہے مگر ٹیکس مشینری کی جانب سے تاجروں کو پریشان کرنے والے اقدامات سے یہ کوششیں ثبوتاژ ہورہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس حکام کی جانب سے آئے روز مارکیٹوں میں چھاپوں نے تاجر برادری کو بری طرح پریشان کررکھا ہے کیونکہ اس کی وجہ سے نہ صرف کاروباروں کو نقصان ہورہا ہے بلکہ ان کی ساکھ کو بھی ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر فوری طور پر چھاپوں کا سلسلہ نہ روکا اور تاجروں کو عزت و احترام نہ دیا گیا تو کاروبار بند ہونگے ، سرمائے کی دیگرممالک منتقلی کا رحجان بڑھے گا ، بے روزگاری پیدا ہوگی جس کا خمیازہ معیشت کو بھگتنا پڑے گا۔