لاہور ،شیخوپورہ ( نیوز رپورٹر،ڈسٹرکٹ رپورٹر ) کراچی سے لاہور آنے والی قراقرم ایکسپریس کا انجن اور پاور پلانٹ صفدرآباد ریلوے سٹیشن کے قریب پٹڑی سے اتر گیا ، خوش قسمتی سے کسی قسم کا جانی او رمالی نقصان نہیں ہوا ۔ ریلوے ترجمان کے مطابق قراقرم ایکسپریس کا انجن اور پاور پلانٹ صبح 9 بجکر 27منٹ پر پٹڑی سے اترا ،قراقرم ایکسپریس کو دوسرا انجن لگاکر منزلِ مقصود کی طرف روانہ کردیاگیا ،ترجمان کے مطابق ٹرینوں کی آمدورفت متاثر نہیں ہوئی اورلوپ لائن سے ٹرینیں رواں دواں رہیں۔ ریلوے حکام کے مطابق 120ڈاؤن اور قراقرم41 اپ کے درمیان کراسنگ تھی اور قراقرم اوور شوٹ آؤٹ آف کنٹرول ہوکر آئسو لیشن فنیگ ڈیڈ اینڈ سے ٹکرا گئی،بروقت امدادی کارروائی کرتے ہوئے ریلوے انتظامیہ نے متبادل انجن لگاکرقراقرم 41 اپ کو لاہور روانہ کردیا اور بروقت امدادی کارروائیوں سے ٹریک کو ٹرین کی آمدورفت کے لئے بحال کردیا ۔ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ آئے روز ٹرین حادثات کے پیش نظر ایمرجنسی انتظامات کیے گئے ہیں اور اس کے لیے عملہ ہر وقت تیار ہے ۔