اسلام آباد،لاہور،کراچی(خبرنگار خصوصی، سٹاف رپورٹر،نمائندہ خصوصی سے ) ملک میں کورونا وبا کے خاتمے کیلئے روزنامہ 92 نیوزکی طرف سے شروع کی گئی مہم اورعلماکرام کی اپیل پریوم دعا اور یوم توبہ منایاگیا۔ اجتماعی توبہ استغفار کا اہتمام کیا گیا،اللہ تعالی کے حضور گڑگڑا کردعائیں مانگی گئیں کہ اے اللہ ہمارے گناہوں کو معاف فرمادیجئے ہم سے راضی ہوجا اور کورونا کی وباکو ختم کردیجئے ۔اجتماعی توبہ کے موقع پر ہرآنکھ اشکبار تھی۔جڑواں شہروں راولپنڈی،اسلام آباد کی مساجد میں نماز جمعہ کے موقع پر یوم دعا منایا گیا۔ اس موقع پر مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علما کرام اور مفتی حضرات نے کورونا وبا کے خاتمے کیلئے دعائیں کرائیں اور خدا کے حضور پیش ہو کر توبہ استغفار کا ورد کیا۔ لوگوں کی بڑی تعداد نے مساجد کے ساتھ گھروں میں بھی خدا کے حضور خودکوپیش کر کے اپنے گناہوں کی معافی مانگی اور کورونا وبا کے خاتمے کے لئے توبہ اور استغفار کیا۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی سب سے بڑی فیصل مسجد سمیت مختلف مارکیٹوں میں واقع مساجد،گولڑہ شریف اوردیگردرگاہوں،راولپنڈی میں قائم مساجد،امام بارگاہوں میں بھی کورونا وبا کے خاتمے کے لئے خصوصی دعائیں کرائی گیئں۔اس موقع پر علما کرام نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ اس مشکل گھڑی میں توبہ استغفار کے ذکر کو معمول بنائیں۔خطیب حضرات نے کہا کہ اس طرح کی وبائوں کے تدارک کے لئے ہمارے پاس اللہ پاک سے رجوع کرنے کے سواکوئی اور آپشن نہیں ہے ، صرف اللہ سے معافی مانگنے اور اس عذاب کو ٹالنے کے لئے دعا ہی بہترین ہتھیار ہے ۔ مختلف مساجد میں علما کرام نے کورونا وبا کے خاتمے کے لئے روزنامہ 92 نیوزکی طرف سے شروع کی گئی علماء کرام کی اپیل کی مہم کو بھی سراہا۔ادھرراولپنڈی میں لال کڑتی میں واقع مسجدمیں پیراظہاربخاری نے جمعہ کی نمازکے بعد کوروناسے نجات کیلئے دعاکرائی۔پیراظہاربخاری نے کہا کہ قدرتی آفات کاراستہ روکناانسان کے بس کی بات نہیں،اللہ تعالیٰ سے معافی طلب کئے اوردعاکے بغیر یہ مصیبت ٹل نہیں سکتی۔ ادھرلاہورمیں تاریخی بادشاہی مسجد کے خطیب مولانا سید عبد الخبیر آزاد نے نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب میں کہا کہ دعا تمام عبادتوں کا نچوڑاور خلاصہ ہے ، دعاسے اﷲ تعالیٰ کی رحمتوں کا نزول ہوتا ہے ،جب ہم اﷲکے حضور ہاتھ پھیلاتے تو ہاتھ کبھی خالی واپس نہیں آتے ،دعا کی برکات تمام مذاہب تسلیم کرتے ہیں۔ بعد ازاں مولانا سید عبد الخبیر آزاد نے رقت آمیزدعا کراتے ہوئے کہا ’’یا اﷲ ہم پر رحم فرما‘ ہماری خطاؤں کو در گزر فرما‘ یا اﷲ کورونا کی تباہ کاریوں سے ہماری حفاظت فرما‘ آمین۔سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے جامعہ رضویہ میں خطاب میں کہا کہ قوم مشکلات میں مدد کیلئے اللہ کی رحمت کا دروازہ کھٹکھٹائے ،گناہوں کی معافی کیلئے اللہ کی طرف رجوع کرنا ہی کورونا سے نجات کا سبب بنے گا۔سنی اتحاد کونسل کی مجلس شوریٰ کے نگران صاحبزادہ بیرسٹر حسین رضا نے جامع مسجد سنہری فیصل آبادمیں خطاب میں کہا کہ کورونا سے نہیں اپنے گناہوں سے بھی لڑنا چاہیے ۔ سنی اتحاد کونسل لاہور کے صدر مفتی محمد حسیب قادری نے خطاب میں کہا کہ کورونا کے مریض دوائی کے ساتھ نماز اور تلاوت کو یقینی بنائیں۔ نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن علامہ رانا محمد ادریس نے دعاکراتے ہوئے کہا کہ صدقات و خیرات اور توبہ و استغفار سے وبائیں اور بلائیں ٹلتی ہیں،کوروناکی مشکل گھڑی میں گناہوں پر ندامت،توبہ و مناجات خصوصی دعائوں کا اہتمام اور اللہ تعالیٰ کی طرف سچے دل سے رجوع کرنے کی ضرورت ہے ۔تنظیم اتحاد امت پاکستان کے چیئرمین پیر محمد ضیا الحق نقشبندی نے تنظیم کے شریعہ بورڈسے مشاورت کے بعدکورونا وبا سے پیدا صورتحال میں عوام کی رہنمائی میں فتویٰ جاری کرتے ہوئے کہا کہ کوروناسے نجات کیلئے نماز عشا کے بعد رات 10بجے اذانیں دینی شروع کی جائیں۔غیر مسلم حضرات بھی اذانیں دیں یا پھر احترام سے سنیں اور اللہ کی رحمت میں آجائیں، رہائشی گھروں میں بعدا زنماز عشائزیادہ سے زیادہ اذانیں دیں،کاروبارکرنے والے اپنے کام کے دوران اذانیں دینے کا عمل بار بار کریں،جو لوگ دفاتر اور فیکٹریوں میں کام کرتے ہیں وہ ظہر اور عصر کے موقع پر اضافی اذانیں دینا شروع کریں۔تمام چینل،ایف ایم ریڈیو اور ویب چینل رات10بجے اذانیں نشر کریں تاکہ اللہ تعالیٰ نبی کریمؐ کے صدقے ہمارے حال پر مہربان ہو جائے ۔ رسول اللہ ﷺکا فرمان ہے کہ وبا کے زمانے میں اذان دینا مستحب عمل ہے ۔ادھر گوجرانوالہ میں مولانا اکبر نقشبندی، جھنگ میں حافظ فدا حسین، کراچی میں مولانا نورالحق اویسی، کوئٹہ میں مولانا وزیر القادری نے جمعہ اجتماعات کے بعد دعاکرائی۔ کراچی میں کورونا سے جلد نجات کیلئے دینی اورمذہبی جماعتوں کی اپیل پر مساجدمیں نمازجمعہ کے اجتماعات کے موقع پرخصوصی دعائوں کا اہتمام کیا گیا۔مولانا قاری عبدالمنان انور،عالم دین مولانا آصف اقبال، علامہ سید شاہ عبدالحق قادری،مولانا مشتاق احمد عباسی،مولانا مفتی ابوہریرہ محی الدین،صاحبزادہ ریحان امجد ی،قاری محمد حنیف نے جمعہ کے اجتماع سے خطاب میں کہا کورونا کی وبا اللہ تعالی کی آزمائش ہے اور وہی پوری دنیا کو اس آزمائش سے نکالے گا۔ علامہ مولانا قاری عبد القیوم محمود نقشبندی نے کہاکہ دعا اوراستغفار کی ویکسین سے کورونا کا خاتمہ ہوسکتا ہے ۔ علامہ مرزا یوسف حسین نے کہا ہم سب کو احتیاطی تدابیر اپنانے کے ساتھ اللہ کی طرف رجوع کرنا چاہئے ۔مولانا قاری اللہ داد نے کہا کہ ہم روٹھے ہوئے رب کو منا کر ہی کوروناسے نجات حاصل کر سکتے ہیں۔