اسلام آباد( وقائع نگار خصوصی،آن لائن) انسانی حقوق کی 6 عالمی تنظیموں نے بھارت سے مطالبہ کیا ہے کہ پوری دنیا اورہندوستان میں کوروناوائرس کی وبا کے پیش نظرکشمیری قیدیوں کو رہا کیا جائے ۔ایمنسٹی انٹرنیشنل، ایشین فورم برائے انسانی حقوق اور ترقی، شہریوں کی شرکت کے عالمی اتحاد، بین الاقوامی کمیشن برائے جیوریسٹ، بین الاقوامی فیڈریشن برائے انسانی حقوق اور تشدد کے خلاف عالمی ادارے نے جنیوا میں جاری ایک مشترکہ بیان میں کہاکہ بین الاقوامی قانون کے تحت بھارت پابند ہے کہ وہ قیدیوں کی جسمانی ، دماغی صحت اور تندرستی کو یقینی بنائے ۔حفظان صحت کے حالات اور ناکافی صحت کی سہولیات کے علاوہ تنگ ہندوستانی جیلیں کورونا وائرس کے پھیلائوکیلئے بڑا خطرہ ہیں۔بیان میں کہا گیا بھارت کورونا کا مقابلہ کرنے کیلئے انسانی حقوق کا احترام کرے اور تمام سیاسی قیدیوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کو رہا کیا جائے ۔ پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں گرفتار حریت رہنماؤں اور کارکنوں کی رہائی سے متعلق انسانی حقوق کی چھ تنظیموں کے مشترکہ بیان کا خیر مقدم کیا ہے ۔ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کہاکہ بین الاقوامی تنظیموں نے بھارت سے مقبوضہ کشمیر میں قیدیوں کو فوری رہا اور انٹرنیٹ سروس بحال کرنے کا مطالبہ کیا، پاکستان اس کا خیر مقدم کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ بیان میں اس بات کی نشاندہی کی گئی ہے مقبوضہ کشمیر میں کورونا کے خلاف اقدامات کر کے انسانی حقوق کا احترام کرنا چاہئے ۔