کلکتہ(این این آئی)بھارت میں کانگریس پارٹی کا کہناہے کہ 100کروڑلوگوں کی ویکسی نیشن میں حقیقت نہیں۔انہوں نے کہا وزیر اعظم نریندر مودی کے زیر قیادت بی جے پی حکومت کوروناویکسینیشن کے اعداد و شمار کے حوالے سے اپنی مہم کے ذریعے ملک کے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کانگریس کے سینئر رہنما ادھیر چودھری نے کہا کہ مودی کی 100 کروڑ ویکسین کی خوراکوں کے بارے میں مہم کو اس انداز میں پیش کیا جارہا ہے کہ لگتا ہے کہ 100 کروڑ لوگوں کو ویکسین دی گئی ہے ۔انہوں نے فیس بک پر پوسٹ کردہ ایک ویڈیو میں کہاکہ 100 کروڑ ویکسین کی خوراکیں مکمل ہونے پر 100 مقامات پر چراغاں کیاگیا اور وزیر اعظم یہ پیغام دینے کی کوشش کر رہے ہیں کہ 100 کروڑ لوگوں کو مکمل ویکسین دی گئی ہے جوحقیقت نہیں ہے ۔ ادھیرچوہدری نے جو مغربی بنگال کانگریس کے سربراہ بھی ہیں، کہاکہ بھارت کی آبادی 139 کروڑ ہے جن میں سے 106 کروڑ بالغ ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے کہا ہے کہ 29 کروڑ لوگوں کو دوخوراکیں دی گئی ہے ں جو کہ پوری آبادی کا صرف 21 فیصد ہے ۔ اس کا مطلب ہے صرف 21 فیصد لوگ محفوظ زون میں ہیں۔