بیجنگ(ویب ڈیسک) چین میں 2005 میں وفات پانے والے اصلاح پرست رہنما کو 14 سال بعد سپرد خاک کردیا گیا۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق چینی رہنما اور کمیونسٹ پارٹی کے سابق جنرل سیکریٹری ژاؤ ژیانگ کو 1989 میں احتجاجی طلبہ کو منتشر کرنے کیلئے طاقت کے استعمال کی مخالفت پر پارٹی سے نکالا گیا تھا جس کے بعد سے وہ اپنی وفات تک گھر میں نظر بند رہے جب کہ ان کا انتقال 2005 میں ہوا۔بی بی سی کے مطابق ژاؤ ژیانگ کی آخری رسومات خاموشی سے ادا کی گئیں جن میں ان کی اہلیہ اور ان کی باقیات کو ایک ساتھ دفنایا گیا۔ چینی رہنما کی تدفین دارالحکومت بیجنگ کے نواحی علاقے میں کی گئی جس میں انتہائی سخت سکیورٹی کے انتظامات تھے ، تدفین میں صرف قریبی اہلخانہ شریک ہوئے جب کہ ان کے چاہنے والوں کو آخری رسومات میں شرکت کی اجازت نہیں دی گئی۔ ژاؤ ژیانگ کی بیٹی نے والد کی آخری رسومات کا عوامی سطح پر اعلان نہ ہونے پر معذرت کی۔