الیکشن کمیشن نے تمام بلدیاتی محکموں کے ترقیاتی فنڈزعام انتخابات کے نتائج کے اعلان تک منجمد کر دیئے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق مقامی حکومتیںصرف سینی ٹیشن اور صفائی کے روزمرہ کے امور سرانجام دیں گی لیکن کسی بلدیاتی ترقیاتی سکیم کا اعلان کیا جائے گا اور نہ اس پر کام کیا جائے گا ۔بلدیاتی حکومتیں انتخابی نتائج تک ٹینڈرز بھی نہیں دے سکیں گی۔ بلا شبہ بلدیاتی اداروں کو عام انتخابات کے قریب ترقیاتی کاموں اور نئی سکیموں سے روک کر الیکشن کمیشن نے اچھا اقدام کیا ہے، لیکن اگر یہ کام انتخابات کی تاریخ کے اعلان کے ساتھ ہی کر دیا جاتا تو بہتر تھا کیونکہ اب تک بہت سے ترقیاتی کام نہ صرف شروع ہیں اور ان پر فنڈز خرچ بھی ہو چکے ہیں بلکہ کچھ منصوبے پایۂ تکمیل کو بھی پہنچنے والے ہوں گے۔ بلدیاتی اداروں کے ارکان کو چاہئے کہ وہ ترقیاتی کاموں کو کسی جماعت کی حمایت میں استعمال کرنے سے گریز کریں۔بہتر یہ ہوگا کہ جاری ترقیاتی کاموں کو مکمل ہونے دیا جائے تا ہم اس سلسلہ میں نئے فنڈز جاری نہ کئے جائیں۔ عام انتخابات کے موقع پر بلدیاتی محکموں پر فنڈز استعمال کرنے کی پابندی ضروری ہے لیکن جو منصوبے پایہ ٔ تکمیل کو پہنچنے والے ہیں ان پر کام بند نہ کیا جائے تاکہ مستقبل میں ان کی لاگت میں اضافہ نہ ہو۔ مقامی حکومتوں کو بھی چاہئے کہ وہ الیکشن کمیشن کی ہدایات پر عمل کریں اور نئی سکیموں کے ٹینڈرز دینے سے اجتناب کریں۔