اسلام آباد میں پاکستان نیشنل یوتھ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی خود مختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا ۔ ہماری افواج ہر قسم کے خطرے اور سازش کے خلاف ہر دم تیار ہیں۔ دہشت گردوں کے خلاف افواج پاکستان لڑ سکتی ہیں مگر دہشت گردی کے خلاف پوری قوم کا تعاون ضروری ہے۔ہمارے ملک کے نوجوان قوم کی روشن روایات‘ اقبال اور قائد کے خوابوں کی تعمیر کے امین ہیں‘ اس میں کوئی شبہ نہیں کہ پاکستان کی مسلح افواج نے ہر آزمائش کے موقع پر اپنی بہادری ‘ جراٗت اور استقامت کا مظاہرہ کیا ہے اور دشمن کی ہر مہم جوئی کو ناکامی سے دوچار کیا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں افواج پاکستان کو پوری قوم کی حمایت حاصل ہے‘ سکیورٹی فورسز نے جو تاریخ رقم کی اور قربانیاں پیش کی ہیں‘ پوری دنیا ان کی معترف ہے جس نے پاکستان کی نوجوان نسل کے اندر بھی بہادری و استقامت کا نیا جذبہ اور ولولہ پیدا کیا ہے۔ پاکستان کے نوجوان خواتین و مردوں کے دلوں میں اپنے دین،وطن، تہذیب و تمدن اور قائد اعظم و اقبال جیسے اپنے قابل فخر قائدین و رہنمائوں کے نقش قدم پر چلنے کا جذبہ جاگزیں ہے جو دشمنوں کے مذموم عزائم کو کچلنے اوآگے بڑھ کر معاشرے کی تعمیر نو میں اپنے حصے کا کردار ادا کرنے کے ہمہ وقت تیا رہیں۔ضرورت اس امر کی ہے علمائے کرام، اساتذہ کرام ، والدین،دانشور اور سوسائٹی کے سنجیدہ طبقات نوجوان نسل کی بھر پور رہنمائی کریں۔