تہران (این این آئی)ایران کے ایک عالم دین آیت اﷲ لطف اﷲ صفی گولپے غنی نے بھارتی حکومت کی طرف سے کشمیریوں کے ساتھ روارکھے جانے والے غیر انسانی سلوک کی شدید مذمت کرتے ہوئے بھارتی حکام پر زوردیا ہے کہ وہ معصوم کشمیریوں پر مظالم ڈھانا فوری طورپر بند کریں اوران کے حقوق بحال کریں۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق آیت اﷲ لطف اﷲ نے ایک بیان میں کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں پیش آنے والے المناک واقعات ہر آزادی پسند انسان کا دل توڑ دیتے ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایاکہ کشمیری عوام نے ایساکونسا گناہ کیا ہے کہ بھارتی فورسزان پراس طرح مظالم ڈھاتے ہیں۔ ایک اور عالم دین حجت الاسلام کاظم صدیقی نے کہاہے کہ کشمیر کا مسئلہ امت مسلمہ کیلئے ایک المیہ ہے ۔ امید تھی بھارتی حکومت بین الاقوامی قانون کی پاسداری کرے گی لیکن اس کے اقدامات انسانی ضمیر، انصاف حتیٰ کہ اس کے اپنے ملک کے قوانین کے منافی ہیں۔انہو ں نے بھارت پر زوردیا کہ وہ اپنے فیصلے پر نظرثانی کرے اوریہ جان لے ظلم کا نتیجہ کبھی اچھا نہیں ہوسکتا۔