دبئی ( نیٹ نیوز) متحدہ عرب امارات میں گزشتہ 2 روز سے ہونے والی مصنوعی بارشوں نے جل تھل ایک کردیا، خالد العبیدلی کے مطابق متحدہ عرب امارات میں مصنوعی بارش برسانے کا تجربہ گذشتہ ایک دہائی سے کیا جارہا ہے ، موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ مزید جاری رہنے کا امکان ہے کیونکہ محکمہ موسمیات کی جانب سے کلاؤڈ سیڈنگ یعنی مصنوعی بارشوں کے لیے آپریشن کا سلسلہ جاری ہے ، حکام کے مطابق گزشتہ 48 گھنٹوں میں 5 مرتبہ کلاؤڈ سیڈنگ کی گئی ، یہ عمل مزید دہرائے جانے کا امکان ہے جس کے باعث یو اے ای کے رہائشیوں کومزید بارشوں کا سامنا کرنا ہوگا، محکمہ موسمیات کے کلاؤڈ سیڈنگ سیکشن کے سربراہ خالد العبیدلی کا کہنا ہے اگرخلیج عرب (فارس) اور العین شہر کے اوپر مزید بادل نظر آئے تو مصنوعی بارش کے لیے مزید آپریشن کیے جائیں گے ، مصنوعی بارش برسانے کا تجربہ گزشتہ ایک دہائی سے کیا جارہا ہے اور اب تک 181 کلاؤڈ سیڈنگ آپریشن کیے جاچکے ہیں، کلاؤڈ سیڈنگ کے لیے ہم ایک جہاز کے ذریعے نمک لے جا کر ایسے بادلوں کے اوپر چھڑک دیتے ہیں خلیج عرب میں بہت بادل ہوتے ہیں جو کھلے سمندر کی طرف چلے جاتے ہیں ، ہماری کوشش ہے ہر مرتبہ 15 سے 25 فیصد تک مصنوعی بارش میں اضافہ کیا جائے ، بارشوں کے باعث دبئی ائیرپورٹ پر پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا ، ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی ہے ۔ متعدد سکولوں میں جلدی چھٹی کر دی گئی ، متعدد بل بورڈز بھی گر گئے ہیں، نشیبی علاقوں میں سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا ، ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔