تہران(نیٹ نیوز) ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ پابندیوں کے تناظر میں مزاحمتی بجٹ پیش کیا ہے ،ایرانی صدر نے نئے مالی بجٹ کو مزاحمتی قرار دے دیا،ایران کی حکومت نے نئے مالی سال کے لیے بجٹ کا اعلان کر دیا ہے ۔ صدر حسن روحانی نے پارلیمان میں بجٹ پیش کرتے ہوئے اسے امریکی پابندیوں کے تناظر میں ‘مزاحمتی بجٹ‘ قرار دیا۔ حسن روحانی نے کہا کہ یہ بجٹ اس بات کا اظہار ہے کہ ملک پر پابندیوں کے باوجود تہران حکومت اپنے مالی انتظامات کو بطور احسن سنبھال سکتی ہے ، بالخصوص تیل کی تجارت کے حوالے سے ، عالمی مالیاتی فنڈ کے اندازوں کے مطابق عالمی پابندیوں کی وجہ سے اس سال ایران کی معاشی ترقی میں 9.5 فیصد کمی ہو گی۔انہوں نے کہا کرنسی کی قدر میں کمی سے افراط زر کی شرح آسمان کو چھو رہی ہے اور درآمدات کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں،بجٹ میں 15 فیصد سرکاری شعبے میں تنخواہوں میں اضافہ شامل ہے ،مشکلات سے چھٹکارہ پانے کے لئے 4845ٹریلین ریال(36ارب ڈالر) کا بجٹ مختص کیا گیا ہے اس سے روس سے ہونیوالی پانچ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری سے فائدہ اٹھایا جائے گا ، ہم جانتے ہیں کہ لوگوں کی قوت خرید کم ہو چکی ہے ۔