ممبئی (نیٹ نیوز) بالی ووڈ کے شہرہ آفاق اداکار امیتابھ بچن کی طبیعت بگڑ گئی جس کے باعث انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا ہے ، بھارتی میڈیا کے مطابق جگر کے عارضے میں مبتلا معروف اداکار امیتابھ بچن کو خرابی صحت کے باعث نانا وتی ہسپتال میں داخل کیا گیا جہاں اُن کے لیے ایک مخصوص کمرہ تیار کیا گیا ہے جس میں انتہائی نگہداشت کی تمام سہولیات موجود ہیں، ہسپتال کے کمرے میں اہل خانہ کے علاوہ کسی کو جانے کی اجازت نہیں ، خاندانی ذرائع بھی امیتابھ بچن کی بیماری کے حوالے سے چپ سادھے ہوئے ہیں، ٹویٹر پر ہمہ وقت موجود رہنے والے امیتابھ بچن نے 5 دن میں صرف 6 ٹویٹس کی ہیں، بچن ٹی بی اور ہیپاٹائٹس بی کو شکست دے چکے ہیں، اُن کا جگر صرف 25 فیصد کام کر رہا ہے لیکن اس کے باوجود وہ ایک بھرپور اور متحرک زندگی گزار رہے ہیں، امیتابھ بچن کو ہیپاٹائٹس بی کا مرض 1983 میں ایک بوتل خون کی منتقلی کے دوران لاحق ہوا تھا، فلم قلی کے ایک فائٹنگ سین میں پیٹ میں چوٹ لگنے سے امیتابھ بچن زخمی ہوگئے تھے ، انہیں ایک بوتل خون کی ضرورت پڑی، بدقسمتی سے وہ خون آلودہ تھا اور اس میں ہیپاٹائٹس کے جراثیم تھے جو ان کے جسم میں منتقل ہوگئے ۔