نئی دہلی (نیٹ نیوز ) بھارتی آرمی چیف بپن راوت اور نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر اجیت دوول نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارت اپنی اگلی جنگ مقامی طور پر تیار کردہ ہتھیاروں سے نہ صرف لڑے گا بلکہ اس جنگ میں اپنے دشمنوں کو شکستِ دے کر اپنی عسکری برتری ثابت بھی کردے گا۔یہ دونوں بھارتی عہدیداران نئی دہلی میں ’’ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈیویلپمنٹ آرگنازئزیشن‘‘ (ڈی آر ڈی او) کی 41 ویں ڈائریکٹرز کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔واضح رہے یہ بیان ایک ایسے وقت میں دیا گیا ہے جب فرانس سے خریدے گئے 36 رافیل لڑاکا طیاروں میں سے پہلا طیارہ بھارتی فضائیہ کے سپرد کیا گیا ہے اور بھارتی ساختہ جیٹ انجن ’’کاویری‘‘ کے منصوبے پر بھی کام عملاً بند پڑا ہے ۔بپن راوت کا کہنا تھا بھارتی فوج مستقبل کی جنگ میں استعمال ہونے والے نظاموں کا جائزہ لے رہی ہے جس کیلئے انہیں سائبر، خلائی، لیزر، الیکٹرانک اور روبوٹک ٹیکنالوجیز کے علاوہ مصنوعی ذہانت (آرٹیفیشل انٹیلی جنس) پر بھی کام شروع کرنا ہوگا۔انڈین آرمی چیف نے ڈی آر ڈی او کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا اس ادارے کو مستقبل کی جنگ کیلئے ہتھیاروں پر کام کرنے کے علاوہ ایسی ممکنہ جنگوں کیلئے بھی تیاری کرنی چاہیے جن میں دشمن سے دوبدو جھڑپ نہ ہو۔اجیت دوول نے کسی بھی جنگ میں فتح کیلئے ٹیکنالوجی اور دولت کو اہم ترین عوامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ جنگ میں دوسرے نمبر پر آنے والے کیلئے کوئی ٹرافی نہیں ہوتی۔